جگہ جگہ سیاہ پرچم ، چومحلہ پیالیس میں آخری دیدار کے لئے عوام کا زبردست ہجوم
حیدرآباد۔18 جنوری (سیاست نیوز) نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کے انتقال پر شہر کے بیشتر تجارتی بازار بصد احترام بند رکھے گئے اور جگہ جگہ سیاہ پرچم نصب کئے گئے ۔ لاڈ بازار‘ محبوب چوک‘ خلوت ‘ شاہ علی بنڈہ کے علاوہ چارمینار کے اطراف و اکناف تجارتی اداروں کو مکمل طور پر بند رکھا گیا تھا ۔گلزار حوض ‘ مغلپورہ سے چارمینار پہنچنے والی سڑک کے علاوہ پنچ محلہ میں سیاہ پرچم نصب کئے گئے تھے ۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی عوام کا جم غفیر نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کے آخری دیدار کے لئے چومحلہ پیالیس کے باہر جمع ہونے لگ گیا تھا اور ہزاروںکی تعداد میں شہریان حیدرآباد نے اپنے آصف ثامن کا آخری دیدار کیا ۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی محکمہ آبرسانی کی جانب سے چومحلہ کے باہر پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے خصوصی کاؤنٹر لگائے گئے تھے اور محکمہ پولیس نے اطراف و اکناف کے علاقوں سے چومحلہ کی سمت بڑھنے والے راستوں کو بند کردیا تھا ۔ شہزادہ والاشان میر کرامت علی خان مفخم جاہ بہادر جو کہ مکرم جاہ بہادر کی تجہیز و تکفین میں شرکت کے لئے لندن سے حیدرآباد پہنچے ہیں نے چومحلہ پہنچ کر اپنے بڑے بھائی کے جسد خاکی کا آخری دیدار کیا اور افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ۔چومحلہ پہنچ کر مکرم جاہ بہادر کا آخری دیدار کرنے والوں میں جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے علاوہ دیگر کئی اہم شخصیتیں شامل ہیں جنہوں نے نواب میر مکرم جاہ کے فرزند عظمت جاہ بہادر سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ۔چومحلہ پیالیس سے جسد خاکی کی مکہ مسجد منتقلی کے انتظامات کی راست نگرانی شہزادہ نواب میر عظمت جاہ بہادر نے کی ۔ اس موقع پر نواب میرنجف علی خان‘ نواب رونق یار خان ‘ نواب فیض خان اور دیگر موجود تھے۔چومحلہ میں صبح کی اولین ساعتوں میں کانگریس قائدین نے مکرم جاہ بہادر کا آخری دیدار کیا اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے گلہائے عقیدت پیش کئے گئے ۔ صدرپردیش کانگریس کمیٹی مسٹر اے۔ریونت ریڈی ‘ جناب محمد علی شبیر ‘ جناب ظفر جاوید‘ جناب فیروز خان ‘ مسٹر انیل کمار یادوکے علاوہ سابق رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے مکرم جاہ بہادر کا آخری دیدار کیا۔ بعد ازاں ان قائدین نے شہزادہ والا شان عظمت علی خان عظمت جاہ بہادر سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا اور پرسہ دیا۔ اہم شخصیتوں کے علاوہ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد جن میں غیر مسلم مرد و خواتین بھی شامل ہیں نے چومحلہ پہنچ کر اپنے سلطنت آصفیہ کے آخری فرمارواں کا دیدار کیا ۔ مکرم جاہ بہادر کے جلوس جنازہ کے انتظامات اور جلوس گذرنے کے راستوں پر محکمہ پولیس کی جانب سے صبح ریہرسل کی گئی تاکہ جلوس جنازہ کے آغاز کے بعد کسی بھی طرح کے مسائل کا سامنا یا بدنظمی پیدا نہ ہونے پائے۔جلوس جنازہ کے آغاز سے قبل تمام راستوں کی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی نگرانی میں صفائی عمل میں لائی گئی ۔ م