مکرم جاہ بہادر کے انتقال پر جدہ میں تعزیتی جلسہ

   

جدہ ( عارف قریشی ) : نظام ہشتم نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر کے انتقال پر جدہ میں مقیم حیدرآبادیوں نے بڑے رنج و غم کا اظہارکیا اور ایک تعزیتی جلسہ جدہ کی ایک رسٹورنٹ میں منعقد کیا جس میں حیدرآبادیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ عارف قریشی صدر بزم عثمانیہ جدہ سعودی عرب نے کہا کہ نواب میر حمایت علی خان اعظم جاہ بہادر کے فرزند نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر مرحوم آصف جاہی حکمرانوں میں آخری حکمراں تھے جن کو نظام سابع میر عثمان علی خاں بہادر نے اپنے جانشین کی حیثیت سے مقرر کیا تھا ۔ نواب مکرم جاہ بہادر کے انتقال کے بعد آصف جاہی حکمرانوں کی جانشینی کا خاتمہ ہوگیا ۔ انجنیئر اعجاز احمد خان نے کہا کہ نواب مکرم جاہ نے اپنی زندگی حیدرآباد دکن سے دور رہ کر گزاری مگر انہوں نے یہ وصیت کی تھی کہ ان کو حیدرآباد کی سرزمین پرمکہ مسجد میں دفن کیا جائے ۔ان کی وصیت کے مطابق ان کو مکہ مسجد میں سپرد لحد کیا گیا ۔ ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ نے کہا کہ نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر کی خدمات حیدرآبادی کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے بلالحاظ مذہب و ملت حیدرآبادیوں کی خدمت کی ہے ۔ نواب مرزا موحب بیگ جو آصف سابع اعلیٰ حضرت میر عثمان علی خاں بہادر کے پڑنواسے ہوتے ہیں اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے مکہ مکرمہ تشریف لائے تھے ۔ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وہ ہمارے اس تعزیتی جلسہ میںشریک ہوئے ۔ ان کے ساتھ جناب عبدالرحمان بھی موجود تھے ۔ نواب مرزا موحب بیگ نے کہا کہ نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر نے میر عثمان علی خان بہادر کی جانشینی کا حق ادا کیا ۔ انہوں نے نظام ٹرسٹ ، مکرم جاہ ٹرسٹ کی جانب سے طالب علموں اور ضرورت مندوں کی ہر طرح سے مدد کی اور مکہ مکرمہ میںحیدرآبادیوں کیلئے رباط کو برقرار رکھنے کیلئے ہمیشہ فکر مند رہتے تھے ۔ جناب عبدالرحمان نے کہا کہ نواب مکرم جاہ بہادر کے انتقال سے حیدرآبادیوں کا بڑا نقصان ہوا ہے کیونکہ حیدرآبادی لوگ اب بھی حضور نظام اور ان کے خاندان کے افراد کو عزت کی نظر سے دیکھتے ہیں اور پیار سے یاد کرتے ہیں ۔ عثمان بن محفوظ نے بھی حضور نظام میر عثمان علی خان بہادر اور نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کی خدمات کو زبردست خراج پیش کیا اور ارکان خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نواب میر برکت علی مکرم جاہ بہادر مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ( آمین ) ۔ ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ کے شکریہ پر تعزیتی جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔