مکل رائے کی بی جے پی سے ترنمول کانگریس میں واپسی

,

   

میرے پرانے رفقاء سے ملاقات پرخوشی کااحساس ہوا: مکل۔ مزید قائدین کی ’گھر واپسی‘ ہوگی: ممتابنرجی

کولکاتا : مکل رائے جو بنگال میں ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے سب سے پہلے لیڈر رہے، وہ آج اپنی سابقہ پارٹی میں واپس ہوگئے۔ وہ اپنے بیٹے شوبھرانشو کو بھی ترنمول میں لائے ہیں۔ مکل رائے کا ’گھر واپسی‘ پر زبردست استقبال ہوا ہے جو اُن کی توقع سے کہیں زیادہ رہا۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کہاکہ مکل کی گھر واپسی ہوئی ہے۔ وہ کبھی بھی دیگر کی طرح غدار نہیں رہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ مزید قائدین کی ٹی ایم سی میں واپسی ہوگی۔ اُنھوں نے ریمارک کیاکہ پرانا ہی ہمیشہ سنہرا یا اچھا ہوتا ہے۔ مکل نے میڈیا کو بتایا کہ اُنھیں اپنے پرانے رفقاء کے ساتھ مل کر خوشی کا اظہار ہورہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ وہ بی جے پی میں مزید نہیں رہ سکتے تھے بلکہ کوئی بھی بی جے پی میں برقرار نہیں رہے گا۔ اُنھوں نے چیف منسٹر ممتا کو بنگال اور ہندوستان کی واحد لیڈر قرار دیا۔ گزشتہ چند سال میں ’’دیدی‘‘ پر بار بار لفظی حملوں کے بارے میں چبھتے ہوئے سوال کے جواب میں مکل نے کہاکہ اُن کے ممتا بنرجی کے ساتھ کبھی بھی سخت نوعیت کے اختلافات نہیں رہے۔ اِس موقع پر ممتا نے مداخلت کرتے ہوئے میڈیا والوں سے کہاکہ اختلافات پیدا کرنے کی کوشش مت کیجئے۔ شویندو ادھیکاری کے تعلق سے پوچھنے پر بھی چیف منسٹر نے فوری جواب دیا کہ جو سنجیدہ سیاست کرنا چاہتے ہیں اور وہ جو تلخی کو بڑھاوا نہیں دیتے، صرف اُن ہی کا ٹی ایم سی میں واپسی پر خیرمقدم ہے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ مکل رائے بی جے پی میں اِس لئے شامل ہوئے تھے کیوں کہ اُنھیں مختلف ایجنسیوں کے ذریعہ دھمکایا جارہا تھا۔ اُنھیں نراڈا رشوت کیس میں درج ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا۔ اِس کیس میں کئی ٹی ایم سی قائدین کو رشوت قبول کرتے ہوئے کیمرے پر دکھایا گیا تھا۔ یہ معاملہ شویندو کا ہے جنھیں حال ہی میں بخش دیا گیا جبکہ دیگر 4 ٹی ایم سی قائدین گرفتار کرلئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کی قیادت میں ترنمول کانگریس کی حالیہ زبردست انتخابی کامیابی کے بعد مکل رائے ممتا بنرجی آپریشن کا پہلا نشانہ تھے۔ ممتا نے اِس بات کا انتخابی مہم کے دوران اشارہ دیا تھا۔ اُنھوں نے ریمارک کیا تھا کہ شویندو ادھیکاری جتنی خرابی مکل رائے میں نہیں ہے۔ ترنمول کانگریس کے بانی رکن کی حیثیت سے مکل رائے اُس وقت پارٹی جنرل سکریٹری تھے جب اُنھوں نے پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ یہ عہدہ اب چیف منسٹر کے بھتیجے ابھیشک بنرجی کے پاس ہے، جنھوں نے مکل رائے اور اُن کی فیملی سے آگے بڑھ کر رابطہ قائم کیا۔