مکل کے بعد راجیب بنرجی بھی بی جے پی چھوڑنے تیار!

   

کولکاتا: مکل رائے کے بعد ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل سابق ریاستی وزیر راجیب بنرجی نے آج ترنمول کانگریس کے ریاستی سکریٹری کنال گھوش سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اب یہ قیاس آرائی شروع ہوگئی ہیں کہ جلد ہی راجیب بنرجی بھی ترنمول کانگریس میں شامل ہو جائیں گے۔ بنگال اسمبلی انتخابات میں شاندار جیت حاصل کرنے کے بعد بی جے پی کے کئی لیڈران ترنمول کانگریس میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔مکل رائے اوران کے بیٹے کل ہی بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں واپس ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آج شام راجیب بنرجی کنال گھوش کے گھر جاکر ملاقات کی۔راجیب بنرجی اسمبلی انتخابات ہارنے کے بعد سے ہی بی جے پی سے دوری بنائے ہوئے ہیں۔گزشتہ دنو ں ان کے پوسٹ سے بھی اشارہ مل رہا تھا کہ وہ اب بی جے پی میں رہنا نہیں چاہتے ہیں۔پارٹی قیادت نے کنال گھوش، فرہاد حکیم اور ابھیشیک بنرجی کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ فیصلہ کریں گے کہ ترنمول کانگریس میں کس کو واپس لیا جائے گااور کس کو نہیں۔ تاہم ممتا بنرجی نے ٹیم میں واپسی کے لئے کچھ رہنما اصول بتائے ہیں۔