مکہ اور جدہ میں سینکڑوں دکانیں مہر بند

,

   

ریاض ۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام) مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے گزشتہ دنوں شہر بھر میں 1954 تفتیشی دورے کرکے 204 دکانیں جبکہ جدہ میونسپلٹی نے136 دکانیں بند کر دی ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق کورونا وائرس کے انسداد کے لیے حفاظتی تدابیرکے علاوہ دیگر متعدد خلاف ورزیوں پر مذکورہ دکانو ں بندکر دیا گیا ہے۔مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے سربراہ انجینئر عبد اللہ بن خمیس الزایدی نے کہا ہے کہ تفتیشی ٹیموں نے شاپنگ مالز، مختلف مارکیٹوں اور عام ریٹیل اور ہول سیل کی دکانوں کے تفتیشی دورے کیے ہیں۔صحت ضوابط کی نگرانی کی ساتھ کورونا کے انسداد کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل کروایا جارہا ہے۔دکانوں میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے جو ضوابط طے کیے گیے ہیں ان پر عمل لازمی ہے، خلاف ورزی پر فوری کارروائی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ متعدد تفتیشی دورے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی شکایت پر بھی ہوئے ہیں۔ رہائشیوں سے اپیل ہے کہ جہاں کہیں خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طورپر رابطہ کریں۔دوسری طرف جدہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ مختلف دکانوں، سوپر مارکیٹوں، ریستورانوں، کیفے ٹیریا اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی دکانیں سربمہر کر دی گئی ہیں۔متعدد خلاف ورزیوں کے علاوہ بعض دکانوں کوکرفیو کے دوران کاروبار جاری رکھنے پر بند کیا گیا ہے۔جدہ میونسپلٹی کے سکریٹری انجینئر محمد بن ابراہیم الزہرانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی لچک نہیں ہوگی۔وبا کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کو بے سود بنانے کی ذرا سی خلاف ورزی پر دکان بند کر دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ خلاف ورزی کی نوعیت کے حساب سے دکان کو چند دنوں کے لیے بند کرنے پر اکتفا کیا جاتا ہے جبکہ سنگین نوعیت کی خلاف ورزی پر طویل عرصے کے لیے دکان بند کرنے کے علاوہ جرمانہ بھی کیا جاتا ہے۔تفتیشی ٹیمیں ہر چھوٹی بڑی دکان کے علاوہ معروف شاپنگ مالز میں بھی کارروائی کر رہی ہیں۔