مکہ مسجد و شاہی مسجد کے کاموں کو قبل رمضان مکمل کرنے کا تیقن

   

مساجد کے حوض کی صفائی ، رنگ و روغن کے کاموں کا آغاز : محمد الیاس احمد
حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ کے تمام کاموں کو ماہ رمضان المبارک سے قبل مکمل کرلیا جائے گا اور دونوں مساجد میں عصری مشینوں سے صفائی انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے تاکہ دونوں مساجدمیں ہمیشہ صفائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ جناب محمد الیاس احمد ڈی ایم ڈبلیو او حیدرآباد نے بتایا کہ شہر کی دونوں مساجد جو کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت ہیں ان میں موجود حوض کی صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا اور تاریخی مکہ مسجد میں موجود تمام 43 سی سی ٹی وی کیمروں کو کارکرد بنایا جاچکا ہے ۔ ڈی ایم ڈبلیو او نے بتایا کہ دونوں مساجد میں رنگ و روغن کے کاموں کو شروع کیا جاچکا ہے جو جلد مکمل کرلئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں مساجد میں برسر کار عملہ کیلئے محکمہ نے یونیفارم تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مکہ مسجد میں موجود عملہ کے یونیفارم کی پشت پر مکہ مسجد ہوگی جبکہ شاہی مسجد باغ عامہ کے عملہ کے یونیفارم پر شاہی مسجد کی تصویر آویزاں ہوگی۔ جناب محمد الیاس احمد نے بتایا کہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے دونوں مساجد کے دورہ کے بعد جو ہدایات دی ہیں ان پر عمل کو یقینی بناکر ماہ رمضان المبارک سے قبل تمام کاموں کو مکمل کرنے کوشش کی جا رہی ہے۔شاہی مسجد باغ عامہ میں ملازمین کے وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد مخلوعہ جاروب کش و فراش کے 3عہدوں پر تقررات کئے جاچکے ہیں اور اس کے علاوہ دو چوکیداروں کی خدمات خانگی کمپنی سے کنٹراکٹ پر حاصل کی گئی ہیں ۔ انہو ںنے مکہ مسجد میں جالوں کی صفائی و دیگر امور کیلئے عصری مشینوں کے استعمال اور مشینوں کے حصول سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ مکہ مسجد کی تزئین نو و مرمتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ مسجد کی عمارت پر جہاں کہیں خودرو پودے اگ رہے ہیں ان کی فوری صفائی کی جائے اور آثار قدیمہ کے اصولوں اور رہنمایانہ خطوط کے مطابق کاروائی کی جائے۔ ڈی ایم ڈبلیو او نے دونوں مساجد کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کے متعلق کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں سے خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ جلد ان کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ مصلیان کرام کی تکالیف کو دور کیا جاسکے ۔ مکہ مسجد کی بیرونی دیوار پر موجود خودرو پودوں کی صفائی کے عمل کو بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔م