مکہ مسجد کے تعمیری کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کرلئے جائیں

   

ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو صدر نشین اقلیتی کمیشن قمر الدین کی ہدایت
حیدرآباد۔/15 فبروری، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین نے محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت دی ہے کہ مکہ مسجد کے تعمیری و مرمتی کاموں کی رمضان المبارک سے قبل تکمیل کو یقینی بنائیں۔ کمیشن کو مسلمانوں کے ایک وفد نے تعمیری کاموں میں تاخیر سے واقف کرایا اور یادداشت پیش کی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو روانہ کردہ مکتوب میں صدرنشین اقلیتی کمیشن نے کہا کہ 2017 میں مکہ مسجد کے تعمیری اور تزئین نو کے کاموں کا کنٹراکٹ حوالے کیا گیا لیکن مدت گذرنے کے باوجود کام ابھی تک مکمل نہیں ہوئے۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں مرمتی کاموں کے سبب مصلیوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ گزشتہ سال مسجد کے درمیانی حصہ کو بند کردیا گیا اور اس حصہ میں نماز کی گنجائش نہیں ہے۔ اب جبکہ رمضان المبارک قریب ہیں لہذا تعمیری و مرمتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 31 مارچ تک مسجد کے تمام کام مکمل کرلئے جائیں۔ انہوں نے مصلیوں کی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے فوری اقدامات کی خواہش کی۔ واضح رہے کہ مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کی سُست رفتاری کے سبب بطور خاص جمعہ کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ مسجد کی مین گیٹ کو بند کردیا گیا ہے جبکہ جمعہ کو ہزاروں مصلی موجود رہتے ہیں۔ دوسرے دروازے سے مصلیوں کی آمدورفت میں دشواری ہورہی ہے۔ مرمتی کاموں کے سلسلہ میں اندرونی صحن کے اُس حصہ کو بند کردیا گیا جہاں مسجد کا منبر واقع ہے۔ اقلیتی بہبود کے عہدیدار وقفہ وقفہ سے مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لیتے رہے لیکن صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔ کنٹراکٹر اور محکمہ اقلیتی بہبود کے درمیان تال میل کی کمی کا خمیازہ مصلیوں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ اگر رمضان المبارک تک کام مکمل نہیں کئے گئے تو اس بار تراویح اور دیگر نمازوں کے سلسلہ میں مصلیوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔