مکہ مکرمہ کی رباط میں قیام کیلئے جاریہ ماہ قرعہ اندازی کا منصوبہ

   

ناظر رباط حسین الشریف کی مساعی کی ستائش، تلنگانہ حج کمیٹی کا مکتوب
حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف کی مساعی کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایکزیکٹیو آفیسر شیخ لیاقت حسین نے ناظر رباط کو مکتوب روانہ کیا جس میں اطلاع دی گئی ہے کہ نظام اسٹیٹ کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کے رباط میں قیام کے لئے انتخاب کے سلسلہ میں 15 تا 20 اپریل کے درمیان حیدرآباد میں قرعہ اندازی ہوگی۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ 2017 ء تا 2019 ء عازمین حج کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی کے موقع پر اوقاف کمیٹی حیدرآباد کے ارکان شریک رہے۔ قرعہ اندازی مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دی گئی اور حج کمیٹی آف انڈیا کے سسٹم کو استعمال کرتے ہوئے عازمین کا انتخاب عمل میں آیا۔ اُنھوں نے کہاکہ لوک سبھا چناؤ کے ضابطہ اخلاق کا 16 مارچ سے نفاذ عمل میں آیا ہے لہذا قرعہ اندازی تقریب میں سیاسی قائدین کی شرکت ممکن نہیں۔ تلنگانہ حکومت کے عہدیدار مجاز کی نگرانی میں قرعہ اندازی عمل میں آئے گی۔ واضح رہے کہ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حیدرآبادی رباط کی مساعی کی اطلاع دی تھی۔ رباط میں سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع کے عازمین کو قیام کی سہولت رہے گی اور گنجائش کے اعتبار سے عازمین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ ہوگا۔ مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت کے سلسلہ میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں نے جناب حسین الشریف کو توجہ دلائی جس کے بعد اُنھوں نے حکومت سعودی عرب سے ضروری اجازت حاصل کرنے کی مساعی شروع کی ہے۔ 1