مکۃ المکرمہ: آب زم زم کی یومیہ 2 لاکھ بوتلوں کی تقسیم

   

ریاض: مسجد الحرام مکہ میں میں ماہ رمضان المبارک کے دوران یومیہ 2 لاکھ آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کی جارہی ہیں جبکہ حرم شریف میں آب زم زم کی فراہمی کی ذمہ داری پر مامور ادارہ ‘سقیا’ نے زائرین کیلیے زم زم کی مستقل فراہمی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ ماہ رمضان المبارک میں کسی قسم کی دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حرم شریف میں ادارہ سقیا کی جانب سے اس امر کویقینی بنایا گیا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں آنے والے عمرہ زائرین کو آب زم زم مستقل بنیادوں پر فراہم کیا جائے اور زم زم کی فراہمی کے لیے مرتب منصوبے کے تحت یومیہ بنیاد پر زائرین میں دو لاکھ آب زمزم کی چھوٹی بوتلیں تقسیم کی جارہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق زم زم کی بوتلوں کی تقسیم کے لیے ادارے نے خصوصی کارکن متعین کیے ہیں جو صحن مطاف میں ٹرالیوں اور مخصوص بیگز کے ساتھ موجود ہوتے ہیں جن پر آب زم زم کی بوتلیں ہوتی ہیں جو وہاں آنے والے عمرہ زائرین اور دیگر افراد میں تقسیم کی جاتی ہیں۔