مکیش امبانی کو خطرہ، زیڈ پلس سیکوریٹی کی فراہمی

   

نئی دہلی :مرکزی وزارت داخلہ نے صنعت کار مکیش امبانی کی سیکورٹی کو بڑھا کر زیڈ پلس کر دیا ہے۔ اس درجہ کی سیکورٹی پر 40 سے 45 لاکھ روپے ماہانہ خرچ آئے گا جس کی ادائیگی خود مکیش امبانی کریں گے۔ اس سے قبل انھیں زیڈ زمرہ کی سیکوریٹی فراہم کی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی بی کی سفارش کے بعد وزارت داخلہ نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ دراصل آئی بی کی ایک رپورٹ میں مکیش امبانی پر خطرے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ مکیش امبانی کی سیکورٹی ایسے وقت میں بڑھائی گئی ہے جب گزشتہ سال ان کے گھر انٹیلیا کے باہر ایک مشتبہ کار ملی تھی، جس میں جلیٹن کی 20 چھڑیاں پائی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ انھیں دھمکی بھرے کال بھی ملتے رہے ہیں۔ بہرحال، سی آر پی ایف کے تقریباً 58 کمانڈوز مکیش امبانی اور ان کی فیملی کی سیکورٹی میں 24 گھنٹے تعینات رہیں گے۔ یہ کمانڈو جرمنی میں بنی ہیکلر اینڈ کوچ ایم پی 5 سَب مشین گن سمیت کئی جدید اسلحوں سے لیس رہتے ہیں۔ اس بندوق سے ایک منٹ میں 800 راؤنڈ گولیاں داغی جا سکتی ہیں۔
زیڈ پلس سیکورٹی ہندوستان میں وی وی آئی پی کی سب سے اعلیٰ سطح کی سیکورٹی ہے۔