حیدرآباد۔/2 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر آج دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں دعائیہ اجتماعات منعقد کئے گئے۔ تلنگانہ میں مختلف مقامات پر مہاتما گاندھی کی 150 ویں جینتی کے موقع پر خراج پیش کیا گیا۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نے باپو گھاٹ پہنچ کر خراج پیش کیاجبکہ آندھرا پردیش میںدعائیہ اجتماعات میں ان کے دورہ آندھرا پردیش کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ مہاتما گاندھی نے ساحلی آندھرا اور رائلسیما کے کئی علاقوںمیں کئی مرتبہ دورہ کیا تھا۔ انگریزوں کے خلاف احتجاج کے دوران انہوں نے وجئے واڑہ سے لیکر دریائے کرشنا کے کنارے تک مارچ میں حصہ لیا تھا۔ 1921 ء میں وجئے واڑہ میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں مہاتما گاندھی قیادت کو قبول کیا گیا تھا۔