مہاراشٹرا : بی جے پی اور شیوسینا میں رسہ کشی جاری

,

   

این سی پی اور کانگر یس مہاراشٹرا کی اپوزیشن ،فوری حکومت سازی پرزور: شردپوار، بی جے پی وفد کی آج گورنرسے ملاقات

نئی دہلی۔/6نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے منگل کے دن کہا کہ شیوسینا سے بات چیت کیلئے ’’ اس کے دروازے ‘‘ 24 گھنٹے کھلے ہیں لیکن دیویندر فرنویس ہی چیف منسٹر رہیں گے۔ اس پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔نیشنلسٹ کانگریس ( این سی پی ) کے سربراہ شردپوار نے آج یہ واضح کردیا کہ مہاراشٹرا میں حکومت سازی میں ان کا کوئی رول نہیں ہے اور وہ اپوزیشن میں بیٹھیں گے ۔شیو سینا رکن راجیہ سبھا سنجے راوت کی ان سے ملاقات کے ایک گھنٹہ بعد شرد پوار نے پریس کانفرنس میں اس کی تصدیق کردی کہ وہ اپوزیشن میں رہیں گے ۔ انہوں نے شیو سینا اور بی جے پی پر زور دیا کہ وہ عوام رائے کا احترام کریں اور جلد ہی ریاست میں حکومت تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی مہاراشٹرا میں میں حکومت تشکیل دینے کی کوشش نہیں کرے گی ۔عوام نے شیو سینا اور بی جے پی کو منتخب کیا ہے ان کو فوری حکومت سازی کرنی چاہئے۔ اس بارے میں انہیں کچھ کہنا نہیں ہے ۔انہیں عوامی رائے اپوزیشن کا رول نبھانے کی ملی ہے ۔شیو سینا ۔ این سی پی حکومت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔شیو سینا اور بی جے پی گذشتہ 30برسوں سے اتحاد میں ہیں ۔ شرد پوار نے اس یقین کا اظہار کیا کہ فوری یا تاخیر سے وہ ساتھ آجائیں گے ۔ہمارے پاس ارکان کی اتنی تعداد نہیں ہے ورنہ ہم حکومت سازی کیلئے آگے آتے۔انہوںنے کہا کہ وہ چیف منسٹر بننا نہیں چاہتے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کی پارٹی اور کانگریس کو ذمہ دار اپوزیشن کا رول ادا کرنے عوامی راے حاصل ہوئی ہے ۔سینئر کانگریسی لیڈر اور پارٹی صدر سونیا گاندھی کے قریبی احمد پٹیل نے بدھ کے روز یہاں مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق صدر نتن گڈکری سے ملاقات کی [؟]۔ کانگریس میں پس پردہ ا مکانات تلاش کرنے میں ماہر مسٹر پٹیل نے اگرچہ بعد میں کہا کہ انہوں نے مسٹر گڈکری کے ساتھ بات چیت میں مہاراشٹر سیاست کے بارے میں کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا ‘‘میں نے مہاراشٹر کا‘م’ تک نہیں کہا’’۔ مسٹر پٹیل نے کہا‘‘مسٹر گڈکری سے میری ملاقات مہاراشٹر کی سیاست کے بارے میں نہیں تھی ۔ میں مرکزی وزیر کے پاس مہاراشٹر کے کسانوں کے مسائل پر گفت شنید کرنے کے لئے گیا تھا ’’۔ مسٹر گڈکری اور مسٹر پٹیل کی ملاقات کی اہمیت اس بات سے اور بڑھ گئی ہے کہ مسٹر گڈکری کو آر ایس ایس کا قریبی سمجھا جاتا ہے اور شیوسینا کے لیڈروں نے اس حکومت سازی کے تعطل کے حل کے لئے آر ایس ایس کی قیادت اور مسٹر گڈکری کی ثالثی کی اپیل کی ہے ۔مہاراشٹر میں حکومت سازی کے سلسلے میں شیوسینا اور بی جے پی میں جاری کھینچ تان کے درمیان احمد پٹیل کی مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات اہمیت رکھتی ہے۔بی جے پی کا وفد ریاستی بی جے پی صدر چندر کانت پاٹل کی زیر قیادت جمعرات کے دن گورنر مہاراشٹرا بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرے گا۔ جبکہ تشکیل حکومت میں شیوسینا اور بی جے پی میں اقتدار کیلئے رسہ کشی کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے۔