مہاراشٹرا حکومت نے گجرات کی کمپنی کا معاہدہ منسوخ کیا

   

ممبئی۔3 ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) برسراقتدار آنے کے ایک ہفتے کے اندر ہی شیوسینا کی قیادت والی مہاراشٹرا وکاس آگھاڑی نے سابقہ شیوسینا ۔ بی جے پی حکومت کی جانب سے کیے گئے معاہدوں کی منسوخی کاآغاز کردیاہے جس کے تحت ریاستی حکومت نے گجرات کی ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی اور مہاراشٹرا حکومت کے درمیان 321کروڑ کے عالمی میلے کے معاہدہ کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اطلاع کے مطابق 26 دسمبر 2017 ء کو مہاراشٹرا حکومت اور گجرات کی کمپنی ’’لالو جی اینڈ سنس‘‘ کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت کمپنی کو مہاراشٹرا کے نندوربار علاقے میں ہونے والے چیتک فیسٹیول کی ذمہ داریاں دی گئیں تھی۔ ریاستی حکومت اور گجرات کی کمپنی کے درمیان معاہدے میں کئی ایک مالیاتی نقائص کی نشاندہی کی گئی ۔ حکومت بدلنے کے بعد چیف سکریٹری نے یہ معاہدہ منسوخ کرنے کاحکم جاری کیا۔