کئی ڈیموں سے پانی چھوڑا گیا‘ انتظامیہ الرٹ، عوام کو مشکلات
ممبئی : مہاراشٹرا کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کئی ڈیموں کے دروازے کھول دیے گئے ہیں اور ندیوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ پیر 22 جولائی کو شدید بارش کے امکان کے پیش نظر کچھ اضلاع کے اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ۔ رائے گڑھ، چندر پور، بھنڈارہ، ناگپور اور گڈچرلی میں اسکول بند رہے۔ اس کے علاوہ کولہاپور ضلع میں بھی اسکول نہ کھولنے کی ہدایات دی گئی۔چندر پور شہر کے قریب واقع ایرائی ڈیم کے تمام 7 دروازے ایک میٹر تک کھول دیے گئے جس کی وجہ سے ایرائی ندی میں 462 کیوسک پانی چھوڑا گیا۔این ڈی آر ایف محکمہ نے کہا ہے کہ مانسون کے موسم کی وجہ سے کئی اضلاع میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ تین ٹیمیں ممبئی میں اور ایک ٹیم ناگپور میں تعینات کی گئی ہے۔ گزشتہ دو روز سے جاری شدید بارش کی وجہ سے گوسی خورد ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث انتظامیہ نے دریا کے کنارے واقع دیہاتوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ مہاراشٹرا کے کچھ علاقوں میں اتنی بارش ہو رہی ہے کہ سڑکوں پر پانی جمع ہے اور کئی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔مہاراشٹرا کے مختلف اضلاع کے علاوہ گجرات میں بھی شدید بارش سے تباہی کا عالم ہے۔ کئی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔ مدھیہ پردیش اور اتراکھنڈ میں بھی بارش اور سیلاب سے صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے۔