ایگزٹ پولز کی پیش گوئی‘ بعض نے معلق اسمبلی کا بھی امکان ظاہر کیا ہے‘مہاراشٹرا میں 65.02 اور جھارکھنڈ میں 68 فیصد ووٹنگ
نئی دہلی: مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں آج ووٹنگ ختم ہوگئی جس کے ساتھ ہی سب کی نظریں اگزٹ پولز پر ہیں ۔ انتخابات کے بعد نتائج اور امکانات جاننے کا وقت آگیا ہے کہ ایگزٹ پول نے ریاستوں کے لیے کیا پیش گوئی کی ہے۔ پانچ ایگزٹ پولز ‘ میٹرائز، پیپلز پلس، چانکیہ اسٹریٹیجیز، ٹائمز ناؤ‘جے وی سی اور پول ڈائری نے مہاراشٹرا میں بی جے پی کے زیرقیادت اتحاد کی برتری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ تین دینی بھاسکر، پی مارک اور لوکشاہی مراٹھی۔رودر نے ہنگ ہاؤس یعنی معلق اسمبلی کی پیش گوئی کی ہے۔ مہاراشٹرا میں جب کہ ڈینک بھاسکر، ٹائمز ناو‘جے وی سی اور پی۔مارک نے جھارکھنڈ میں معلق اسمبلی کی پیش گوئی کی تھی، دو ایگزٹ پولز میٹریز اور پیپلز نے این ڈی اے اتحاد کو برتری دی ہے جبکہ ایکسس مائی نے جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک کیلئے واضح جیت کی پیش گوئی کی ہے۔دونوں ریاستوں کے نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایگزٹ پولز ہمیشہ درست نہیں ہوتے۔مہاراشٹر اکے 288 اسمبلی حلقوں میں ایک مرحلہ میں آج انتخابات ہوئے۔ مقابلہ حکمراں مہاوتی اتحاد ۔ بی جے پی، شیو سینا اور این سی پی (اجیت پوار گروپ) اور اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کانگریس، شیو سینا (یو بی ٹی) اور این سی پی (شرد پوار گروپ) کے درمیان ہے۔2019 کے انتخابات میں، بی جے پی نے سب سے زیادہ (105) سیٹیں جیتیں، اس کے بعد شیوسینا (56) اور کانگریس نے(44) حلقوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں آج ووٹ ڈالے گئے۔ پہلا مرحلہ 13 نومبر کو ہوا تھا۔ ریاست میں اہم مقابلہ برسراقتدار جے ایم ایم کی زیرقیادت انڈیا بلاک اور بی جے پی کی سربراہی والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے درمیان ہے۔مہاراشٹرا میں آج 65.02 فیصد جبکہ جھارکھنڈ میں زائد از 68 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے ۔