مہاراشٹرا میں دو افراد ’جئے شری رام‘ نعرہ لگانے پر مجبور

   

اورنگ آباد ۔22 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے شہر اورنگ آباد میں نامعلوم اشرار نے دو افراد کو ’جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا اور انکار پر اُنھیں دھمکیاں دی گئیں۔ یہ گزشتہ چار دن میں دوسرا واقعہ ہے ۔ یہ واقعہ جو اتوار کی رات آزاد چوک پر پیش آیا ، عوام کی برہمی کی وجہ بن گیا۔ پولیس نے اس واقعہ کے بعد صیانتی انتظامات میں شدت پیدا کردی ہے ، ایک مقدمہ درج کرلیاہے اور تلاشی مہم جاری ہے تاکہ خاطیوں کو گرفتار کیا جاسکے۔ 24 سالہ شیخ انور اور اُن کے ساتھ ایک لڑکے نے زوماٹو کا آرڈر دیا تھا ۔ 26 سالہ شیخ ناصر آٹو رکشا کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ٹھہرا ہوا تھا ، جبکہ چار تا پانچ افراد مبینہ طورپر ایک کار میں سوار ہوکر آئے ، اُسے روکا ، اُس کے ساتھ بدگوئی کی ۔ اُن کی مذہبی شناخت سے واقف ہونے کے بعد اُنھیں ’جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا اور انکار کرنے پر اُنھیں جان سے ماردینے کی دھمکی دی ۔ دونوں افراد نے خوفزدہ ہوکر جئے شری رام کا نعرہ لگایا ۔