ممبئی ، 20 جولائی (یو این آئی) مہاراشٹر پوسٹل سرکل کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی مانسون کے دوران راکھی کی خصوصی خدمات شروع کی گئی ہے ، جسے زبردست عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔آغاز کے محض 72 گھنٹوں کے اندر 1,22,000 واٹر پروف راکھی لفافے فروخت کیے گئے جبکہ 85,000 ایڈوانس بکنگز بھی کی گئیں، جن میں تقریباً نصف خریداری ممبئی سے ہوئی۔ یہ لفافے خصوصی پلاسٹک کوٹنگ اور مانسون پروف ڈیزائن کے ساتھ دستیاب ہیں، جن کی قیمت 10 سے 15 روپے رکھی گئی ہے ۔ ان لفافوں کی ترسیل انڈیا پوسٹ کے 13,688 مراکز سے خودکار طریقہ سے کی جا رہی ہے ۔127 بڑے ڈاکخانوں میں قائم کردہ خصوصی کاؤنٹرز پر 16 جولائی سے اب تک 27,000 سے زائد راکھی پیکنگ کی جا چکی ہے ۔ دوسری جانب گڈچرولی، نندربار اور پالگھر کی دیہی برانچز میں ابتدائی اسٹاک مکمل ختم ہو گیا ہے ، جس کے بعد 35,000 سے زائد اضافی لفافوں کی ترسیل مختلف اضلاع کو ہنگامی بنیادوں پر کی گئی۔ محکمہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ روی کمار کے مطابق، طلب کا حجم تخمینوں سے بڑھ چکا ہے ، خاص طور پر مہاجر مزدوروں کی فلاحی تنظیمیں بلک آرڈرز کا تقریباً 10 فیصد حصہ بناتی ہیں۔