مہاراشٹرا میں شدید گرمی اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی

   

پونے: مہاراشٹر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ریاستی حکومت نے تمام اسکولوں کو صبح 7 بجے سے 11:15 بجے کے درمیان کلاسز منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ یہ فیصلہ طلبہ کو گرمی کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے ۔محکمہ پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے تمام اسکول، خواہ وہ کسی بھی میڈیم یا انتظامیہ کے تحت ہوں، اس ہدایت پر عمل کریں گے ۔ حکومت نے یہ فیصلہ گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے ، جبکہ مختلف تنظیموں کی جانب سے بھی صبح کے اوقات میں کلاسز منعقد کرنے کی درخواستیں دی گئی تھیں۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاست بھر میں اسکولوں کے نظام الاوقات میں یکسانیت لانے کے لیے یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تمام پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں صبح 7 بجے سے 11:15 بجے تک کلاسز منعقد ہوں گی، تاکہ طلبہ شدید گرمی کی لپیٹ میں نہ آئیں۔ ساتھ ہی، اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو گرمی کی لہر سے محفوظ رہنے کے طریقے بتائیں اور کھلی جگہوں پر کلاسز منعقد نہ کریں۔ریاست تلنگانہ میں بھی شدید گرمی کے با عث اپریل کے مہینہ میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی لاکر انہیں صرف نصف یوم کیلئے چلایا جاتا ہے۔