مہاراشٹرا میں فرقہ پرستی اور دولت کے بل پر بی جے پی کی جیت

,

   

اویسی برادران کی سرگرمیوں کا بی جے پی کو فائدہ ملا ، جناب عامر علی خاں کی پی ٹی آئی سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : مہاراشٹرا میں بی جے پی کی کامیابی فرقہ پرستی اور دولت کے بل پر حاصل کردہ کامیابی ہے ۔ عام ہندوؤں کو مسلمانوں کے مظاہرہ پر خوف زدہ کرتے ہوئے بی جے پی نے اپنا کام کیا ۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل نے کیا جو آج یہاں حیدرآباد میں پی ٹی آئی سے بات کررہے تھے ۔ جناب عامر علی خاں نے ملک کی ریاستوں جھارکھنڈ اور مہاراشٹرا انتخابی نتائج پر کہا کہ مہاراشٹرا میں کانگریس اور اتحادی جماعتوں کے بہتر مظاہرہ کی امید تھی اور جس انداز سے مقامی مسائل پر بی جے پی کی ناکامی اور عوام مخالف پالیسیوں کو پیش کیا گیا اس سے کانگریس کو بہتر نتائج کی امید رہی تاہم عام ہندوؤں کو بی جے پی نے خوف زدہ کیا اور اویسی برادران کی سرگرمیوں کا بھرپور فائدہ راست بی جے پی کو حاصل ہوا ۔ جناب عامر علی خاں نے وایناڈ سے پرینکا گاندھی کی کامیابی کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ پرینکا گاندھی کی کامیابی مودی کے لیے پریشانی کا سبب بنے گی ۔ پارلیمنٹ میں پرینکا گاندھی کا مقابلہ کرنے کی بی جے پی میں طاقت نہیں ۔ انہوں نے پرینکا گاندھی کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا کے تعلیم یافتہ اور سیاسی طور پر باشعور شہریوں میں بی جے پی کا کوئی حربہ کامیاب نہیں ہوسکا ۔ رکن قانون ساز کونسل نے جھارکھنڈ انتخابی نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جھارکھنڈ چونکہ ایک قبائلی ریاست کے طور پر جانی جاتی ہے جہاں بی جے پی نے علاقائی سیاسی جماعتوں کو توڑنے اور پھوٹ ڈالتے ہوئے جماعت کو ختم کرنے کی ہر کوشش کی ۔ ظلم و زیادتی کی گئی ہیمنت سورین کو جیل منتقل کردیا گیا لیکن کلپنا سورین نے ہر محاذ پر کامیاب مہم چلاتے ہوئے بی جے پی کے تمام منصوبوں کو کانگریس کی مدد سے ناکام بنادیا ۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ مہاراشٹرا کے انتخابات اور اس کے نتائج ایک بڑی سازش کی طرف اشارہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 12 ہزار گاڑیوں سے اورنگ آباد سے ممبئی تک کی ریالی اور تقاریر میں 15 منٹ کے ذکر نے عام ہندوؤں کو بی جے پی کے جال میں مکمل پھانس دیا اور ان حالات کی اس طرح تشہیر کی گئی جب کہ حالات خود بنائے گئے تھے جس سے شبہات پیدا ہونے لگے ہیں ۔ 6 تا 7 سو کیلو میٹر کے سفر نے اور 16 امیدواروں کا مقابلہ اور اویسی برادران کی تقاریر اور سیاسی سرگرمیوں کا بی جے پی نے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مقصد کو حاصل کرلیا ۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ مہاراشٹرا انتخابات میں 10 ہزار روپئے فی ووٹ کے لیے رقم تقسیم کے الزامات اور واقعات سامنے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی سیاسی میٹنگ میں اڈانی کی موجودگی بہت کچھ بیان کرگئی اور رقم تقسیم کے الزامات کو بھی مزید مضبوط کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کیا چاہتی تھی اور کیا ہوا اس کا وقت ہی جواب دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مزید بہتر انداز سے عوام کی خدمات انجام دے گی ۔۔ع