دہلی یونیورسٹی طلبا یونین کے انتخابات
جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر بھی ملی جیت‘ کانگریس حلقوں میں خوشی کی لہر
نئی دہلی :دہلی یونیورسٹی طلبا یونین کا انتخابی نتیجہ 25 نومبر کی شام جاری کیا گیا جس میں این ایس یو آئی امیدوار رونق کھتری نے صدر عہدہ پر جیت کا پرچم لہرایا ہے۔ گزشتہ 7 برسوں سے اس عہدہ پر اے بی وی پی کا قبضہ تھا لیکن اس مرتبہ رونق کھتری نے 20207 ووٹ حاصل کر اے بی وی پی امیدوار کو 1343 ووٹوں سے ہرا دیا۔این ایس یو آئی کو جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر بھی کامیابی ملی ہے۔ این ایس یو آئی امیدوار لوکیش چودھری نے جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر 21975 ووٹ حاصل کیے جبکہ اے بی وی پی امیدوار نے محض 15249 ووٹ حاصل کیے۔ یعنی شکست و فتح کے درمیان کا فاصلہ 6726 رہا۔ صدر اور جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر کامیابی کے بعد این ایس یو آئی میں جشن کا ماحول ہے۔ کانگریس کے سرکردہ قائدین کی جانب سے بھی انھیں مبارکبادیاں مل رہی ہیں۔ کانگریس کی سینئر لیڈر راگنی نایک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ وہ کہتے ہیں نہ، محنت کبھی ضائع نہیں جاتی۔ 7 سال بعد صدر عہدہ پر این ایس یو آئی نے شاندار جیت درج کی۔ جوائنٹ سکریٹری عہدہ بھی ہمارا ہوا۔ انہوں نے رونق اور لوکیش کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جہاں تک اے بی وی پی کی کارکردگی کا سوال ہے اس کے امیدواروں نے نائب صدر اور سکریٹری عہدہ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اے بی وی پی کی طرف سے نائب صدر عہدہ کے امیدوار بھانو پرتاپ نے 24166 ووٹ حاصل کیے جبکہ این ایس یو آئی امیدوار کو 15404 ووٹ ملے۔ علاوہ ازیں سکریٹری عہدہ کے لیے کھڑی اے بی وی پی امیدوار مرتر ورندا نے 16703 ووٹ حاص کیے جبکہ این ایس یو آئی امیدوار کو 15236 ووٹ ملے۔