غیرقانونی روہنگیا، بنگلہ دیشی اور پاکستانی دراندازوں سے خطرہ
ممبئی: جنوبی ممبئی کے اقلیتی اکثریتی علاقے ڈونگری میں رمضان عید کے دوران ہندو مسلم فسادات، آتش زنی اور بم دھماکوں کے خدشے سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹوں کے بعد سٹی پولیس نے سیکورٹی میں اضافہ کردیا ہے ۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شائع ہونے والی پوسٹس میں الزام لگایا گیا ہے کہ غیر قانونی روہنگیا، بنگلہ دیشی اور پاکستانی درانداز تشدد کو بھڑکانے میں ملوث ہو سکتے ہیں۔نوی ممبئی پولیس کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے پوسٹ میں لکھا گیا، “ممبئی پولیس کو چوکنا رہنا چاہیے ۔ آئندہ 31 مارچ-01 اپریل کو آنے والی عید کے دوران ڈونگری جیسے علاقوں میں رہنے والے کچھ غیر قانونی روہنگیا؍بنگلہ دیش؍پاکستانی درانداز ہندو مسلم فسادات، آتش زنی اور بم دھماکوں کو بھڑکا سکتے ہیں۔ الرٹ ملنے پر نوی ممبئی پولیس نے فوری طور پر ممبئی پولیس کے کنٹرول روم کو اطلاع دی۔ ممبئی پولیس نے ڈونگری میں گشت بڑھایا اور ایک گہری تلاشی مہم شروع کی، تاہم کوئی مشتبہ سرگرمی کا پتہ نہیں چلا۔دریں اثنا، سائبر سیل نے جدید ڈیجیٹل ٹریکنگ تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے پیغام پوسٹ کرنے والے شخص کا پتہ لگانے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ممبئی پولیس نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ایک سینئر افسر نے کہا، ‘‘ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ امن وقانون برقرار رہے ۔