مہاراشٹرا میں مودی ریلی میں راہول اسٹیکر کیساتھ کرسی

,

   

ممبئی: ایک حیرت انگیز پیشرفت میں چہارشنبہ کو مہاراشٹرا کے ناگپور کے قریب ایوت محل میں وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسہ عام کے مقام پر اسٹیج کے قریب کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے اسٹیکرز والی کرسی ملی۔ راہول گاندھی کی تصویر والی پلاسٹک کی کرسیوں پر ایک اسکینر کوڈ بھی چھپا ہوا ہے جس پر لکھا ہے کہ “138 سالوں سے خوشحال ہندوستان کی ترقی کیلئے لڑ رہے ہیں۔”ایک مراٹھی میڈیا ہاؤس کی طرف سے انٹرنیٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں پنڈال کے مناظر دکھائے گئے ہیں، جس میں کرسیاں لگی ہوئی ہیں جن پر گاندھی کی تصویر اور عطیات کیلئے کیو آر کوڈ لگے ہوئے ہیں۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس علاقے میں حال ہی میں کانگریس کی ایک ریلی ہوئی تھی۔ پروگرام کے دوران کانگریس لیڈر کے اسٹیکرز والی یہ کرسیاں آویزاں تھیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق کانگریس کی ریلی کیلئے جس ٹھیکیدار نے کرسیوں کا انتظام کیا تھا، اسی ٹھیکیدار نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کیلئے کرسیوں کا انتظام کیا ہے اور اس نے کرسیوں پر لگے اسٹیکرز کو ہٹانے میں لاپروائی برتی اور اسٹیکر والی کرسیاں بی جے پی کے حوالے کر دیں۔اس واقعہ سے پنڈال میں زبردست تنازعہ ہوا اور کرسیوں کا ویڈیو وائرل ہوگیا۔ تاہم اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی اسٹیکرز ہٹا دیے گئے ۔وزیر اعظم کے ساتھ اس پروگرام میں مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے ، نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار سمیت پوری ریاستی کابینہ موجود ہوگی۔