ممبئی ، 16 جولائی (یو این آئی) مہاراشٹرا اسٹیٹ نرسز ایسوسی ایشن نے ریاستی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر 18 جولائی تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو ریاست بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا آغاز کیا جائیگا۔ اس تنظیم نے 7ویں پے کمیشن کے تحت تنخواہوں کے بقایاجات اور کنٹریکٹ پر نرسز کی بھرتی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے 16 جولائی سے آزاد میدان میں احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اگر اس تاریخ تک مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 30,000 سے زائد نرسیں ہڑتال میں شریک ہوں گی۔
جس سے ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں صحت کی سہولیات شدید متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔
ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری سمترا ٹوٹے نے وضاحت کی کہ سرکاری اسپتالوں میں نرسنگ کی تقریباً 50 فیصد آسامیاں خالی ہیں، جس سے موجودہ عملے پر شدید دباؤ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مستقل تقرری کی بجائے عارضی کنٹریکٹ پر ان آسامیوں کو پر کر رہی ہے ، جسے نرسز نے یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پالیسی نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ نرسنگ شعبے میں معیار پر بھی اثر ڈالتی ہے ۔