مہاراشٹرا میں چناؤ سے قبل وزیراعظم کی سرگرمیاں

,

   

ممبئی میں میٹرو لائنس کا آغاز ۔ اورنگ آباد میں اسمارٹ سٹی کا افتتاح

اورنگ آباد ؍ ممبئی ، 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو مہاراشٹرا کا دورہ کیا، جہاں عنقریب ریاستی اسمبلی کے انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ انھوں نے ممبئی میں تین نئی میٹرو لائنس کی شروعات کی اور اورنگ آباد میں اسمارٹ سٹی پراجکٹ کا افتتاح کیا۔ انھوں نے اس دورے میں کہا کہ 3.5 لاکھ کروڑ روپئے آئندہ پانچ سال میں ’جل جیون مشن‘ کے تحت خرچ کئے جائیں گے، جس کا مقصد 2024ء تک تمام دیہی گھرانوں کو پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی ہے۔ مودی نے اورنگ آباد میں کہا کہ 1970ء کے دہے میں (آنجہانی سوشلسٹ لیڈر) رام منوہر لوہیا نے کہا تھا کہ خواتین کو دو مسائل درپیش ہیں … ٹوائلٹ اور پانی۔ حکومتیں آئیں اور گئیں۔ لیکن ہم نے لوہیا کے خواب کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے خواتین کو ٹوائلٹس کی فراہمی اور واٹر سپلائی کو یقینی بنانے پر کام کیا ہے۔ وزیراعظم نے وسطی مہاراشٹرا کے شہر میں ریاستی سطح کے ’مہیلا ساکشم میلاوا‘ سے خطاب کیا جو سیلف ہلپ گروس سے تعلق رکھنے والی عورتوں کا اجلاس ہوتا ہے۔ بعدازاں ممبئی میں باندرہ کرلا کامپلکس میں جیو ورلڈ سنٹر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اپنے مقام پر صاف صفائی کا خیال رکھیں۔