مہاراشٹرا میں کورونا کے معاملات میں اضافہ،تلنگانہ کے سرحدی اضلاع میں چوکسی

   

حیدرآباد:مہاراشٹرامیں کورونا کے معاملات میں حالیہ دنوں کے دوران اضافہ کے پیش نظر تلنگانہ کے ضلع نظام آباد اور ضلع عادل آباد میں چوکسی اختیار کی گئی ہے جہاں سے مہاراشٹر کی سرحد لگتی ہے ۔اس مراٹھی ریاست میں کوویڈ 19کی دوسری لہر دیکھی جارہی ہے ۔اس کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر سے آنے والے افراد کے معائنے کئے جارہے ہیں۔اُس ریاست سے تلنگانہ کے اضلاع متحدہ نظام آباد اور عادل آباد میں لوگوں کی آمد ورفت زیادہ ہوتی ہے ۔نظام آباد ضلع کے رنجل،بودھن،نوی پیٹ، جُکل،بچکنڈہ منڈل مہاراشٹر کی سرحد سے متصل ہیںاسی کو دیکھتے ہوئے بودھن منڈل کے سالور کے قریب چیک پوسٹ قائم کیاگیا ہے جہاں مہاراشٹراسے آنے والے افراد کے طبی معائنے کئے جارہے ہیں، تھرمل اسکریننگ کی جارہی ہے اور کھانسی،بخار کی علامات والے افرادکو اسپتال منتقل کیاجارہا ہے ۔مدنور، بھکنور اور جُکل کے عوام کی بڑی تعداد کام کیلئے مہاراشٹر کے ناندیڑجاتی ہے اور وہاں سے لوگ کام کیلئے تلنگانہ کے ان اضلاع کے مختلف مقامات کو آتے ہیں۔