ایک ہفتہ میں تیسرا واقعہ
ناگپور۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ضلع گونڈیا کے موضع مینگجھاری کے قریب تیرورہ جنگلاتی علاقہ میں ایک شیر نے ہفتہ کی اولین ساعتوں میں خونخوار حملے میں 32 سالہ عورت کو ہلاک کردیا۔ ایک ہفتہ کے دوران شیر کے حملے کا یہ تیسرا واقعہ تھا۔ فاریسٹ رینج آفیسر ایس کے آریکے نے کہا کہ صبح 6:30 بجے یہ واقعہ پیش آیا جب موضع مینگجھاری کے چند افراد کا ایک گروپ درختوں سے گرنے والی ڈالیاں جمع کرنے کیلئے آگے بڑھ رہا تھا کہ جھاڑیوں میں چھپے شیر نے انیتا ٹمھارے پر حملہ کردیا اور تقریباً 400 میٹر تک گھسیٹ کر لے جانے کے بعد چھوڑ کر فرار ہوگیا۔جنگلات کے عہدیدار فوراً اس مقام پر پہونچ گئے۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ منتقل کردیا۔ اس کے خاندان کو فی الفور ایک لاکھ روپئے بطور امداد دینے کا اعلان کیا گیا قبل ازیں اس ہفتہ ضلع گڑچرولی کے آراموری جنگلات میں ایک 40 سالہ عورت شیر کے حملے میں ہلاک ہوگئی تھی ۔علاوہ ازیں پنچ ٹائیگرس ریزرو نے ایک 56 سالہ فرد شیر کے حملے میں ہلاک ہوا تھا۔