مہاراشٹرا کے پانچ ڈیمس لبریز ، فاضل پانی کا اخراج

   

ممبئی ۔ 30 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں موسلا دھار بارش کے بعد آب گیر رقبوں میں کافی پانی جمع ہوجانے کے سبب کئی بڑے ذخائر آب کی سطح مکمل ہوگئی ہے جس کے بعد شمالی اور مغربی مہاراشٹرا کے پانچ بڑے باندھوں سے پیر اور منگل کو فاضل پانی چھوڑ دیا گیا ۔ متھا اور گوداوری ندیوں کے کنارے واقع دیہاتوں میں رہنے والوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ان دریاؤں کی سطح آب میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ محکمہ آبی وسائل کے ایک عہدیدار نے کہا کہ بڑے ڈیموں سے پانی کے اخراج سے وسطی اور جنوبی مہاراشٹرا کے خشک اور نیم خشک علاقوں اور مرھٹواڑہ کے بعض حصوں کو پانی کی فراہمی میں مدد ہوگی ۔ عہدیدار نے کہاکہ جلگاؤں کے ھتنور ڈیم اور ضلع ناسک کے گنگاپور ڈیم کے تمام دروازے کھول دیئے گئے ہیں ۔