ممبئی۔ ممبئی شہر ومضافات میں ایک مرتبہ پھر مساجد اور خانقاہیں،کھولنے کا مطالبہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ ممبئی کے مذہبی مقامات کو دوبارہ کھولنے کی مسلسل مانگ ہورہی ہے ۔ ممبئی میں درگاہ حاجی علی ؒاور ماہم حضرت مخدوم فقیہ علی مہائمی آستانہ ؒسمیت ریاست کے تمام آستانہ خانقاہیں اور مساجد کھولنے کا مطالبہ آج یہاں حاجی علی ؒاور ماہم درگاہ کے ٹرسٹ سہیل کھنڈوانی نے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو ایک مکتوب ارسال کر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سماجی فاصلہ کی برقراری سمیت کورونا وائرس کیلئے احتیاطی اقدامات کیساتھ عبادت گاہیں کھولنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ خانقاہوں میں 50% زائرین کو حاضری کی اجازت دی جائے ،نصف عملہ کو کام پر مامور کیا جائے اور درگاہوں پر خادم، مجاور ودیگر عملہ کیساتھ پھول فروش اور دیگر کورونا کے سبب متاثر ہوئے ہیں اور درگاہیں بھی مالی تنگی کا شکار ہوگئی ہیں اس لئے ایسی حالت میں ادھو ٹھاکرے حکومت بھی خانقاہوں، مساجد اور مذہبی مقامات کیلئے مالی اعانت فراہم کرے جبکہ پانچ ماہ سے خانقاہیں اور مساجد بند ہیں۔