ممبئی: مہاراشٹر راج بھون میں بہار ریاست کا یوم تاسیس مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کی موجودگی میں منایا گیا۔ یہ تقریب ‘ایک بھارت شریشٹھا بھارت’ پہل کے تحت مہاراشٹر راج بھون کی جانب سے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی، اورنگ آباد کے تعاون سے منعقد کی گئی تھی۔گورنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستان کو ایک مضبوط ملک بننا ہے تو تمام ریاستوں کو بھی مضبوط ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ہندوستان ایک متحد ملک رہا اور آج بین الاقوامی سطح پر بھارتی رائے کو احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ ملک کے خلاف کئی قوتیں سرگرم ہیں، لیکن اتحاد ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں امریکی صدور بھارتی وزرائے اعظم کو ملاقات کا وقت نہیں دیتے تھے ، جب کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم کو وقت دیا کرتے تھے ۔ لیکن آج صورتحال بدل چکی ہے ۔