مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کی موجودگی میں گورنر کو نشانہ بنایا

   

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ہفتہ کو کہا کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز کچھ لوگ غیر ضروری ریمارکس کر رہے ہیں جسے ریاست کے لوگ قبول نہیں کر سکتے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما پوار نے یہ بیان پونے کے ایم آئی ٹی کالج کیمپس میں دیا جہاں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور گورنر بھگت سنگھ کوشیاری موجود تھے۔ ان کا یہ بیان بظاہر گورنر پر مرکوز تھا۔ مہاراشٹر کی حکمراں مہا وکاس اگھاڑی ( جس میں شیو سینا، این سی پی اور کانگریس شامل ہیں) اور اپوزیشن بی جے پی نے بھی کوشیاری کے حالیہ ریمارکس پر اعتراض کیا کہ سمرتھ رام داس چھترپتی شیواجی مہاراج کے گرو تھے۔اتوار کو مودی کے خطاب سے پہلے پوار نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کے نوٹس میں ایک بات لانا چاہتے ہیں کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز کچھ لوگ ان دنوں غیر ضروری تبصرے کر رہے ہیں جسے مہاراشٹر اور اس کے لوگ قبول نہیں کر سکتے۔