ممبئی ۔ 4 نومبر (یو این آئی) مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے منگل کے روز کہا کہ ریاستی کابینہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بعض سنگین بیماریوں کے علاج کیلئے دس لاکھ روپے فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ فیصلہ ممبئی میں منعقدہ کابینہ اجلاس کے بعد سامنے آیا جہاں مختلف محکموں کی جانب سے مجموعی طور پر اکیس فیصلے منظور کئے گئے ۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مہاتما پھولے جن آروگیہ یوجنا کے تحت 2,400 امراض شامل ہیں، جن میں سے 2,399 بیماریوں کے علاج کیلئے پانچ لاکھ روپے تک کی مفت سہولت موجود ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتہائی مہنگے علاج والے مخصوص امراض کیلئے امداد کی حد میں اضافہ کرتے ہوئے دس لاکھ روپے تک کی منظوری دی گئی ہے تاکہ ضرورت مند مریضوں کو زیادہ مدد مل سکے ۔ مزید بتایا گیا کہ کابینہ نے ویرار تا علی باغ ملٹی پرپز ٹرانسپورٹ کوریڈور پروجیکٹ کیلئے قرض کی حکومتی گارنٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن HUDCO سے حاصل قرض کو حصول اراضی کے اخراجات کیلئے استعمال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد ضلع کے پٹیھن میں سینئر سطح کی سول جج عدالت قائم کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے لازم عدالتی افسران اور عملے کی منظوری دی گئی ہے ۔ شولاپور ضلع کے موجا کمبھاری ( جنوبی شولاپور) میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت غیر منظم مزدوروں کیلئے 30 ہزار مکانات کی تعمیر کے منصوبے کو انکم ٹیکس، عطیات اور غیر زرعی ٹیکس میں رعایت دی گئی ہے ۔