مہاکمبھ جانے والی ڈبل ڈیکر بس کو حادثہ‘6 افراد ہلاک

   

اتر پردیش کے جونپور میں بس کا ٹرک سے خوفناک تصادم‘ ، 40 زخمی

لکھنٔو :اتر پردیش کے جونپور میں آج صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں مہاکمبھ جانے والی ایک ڈبل ڈیکر بس‘ ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ صبح تقریباً پانچ بجے پیش آیا جب یاتریوں سے بھری بس نے چاول سے لدے ٹرک کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثہ میں 6 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 40 دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔یہ حادثہ جونپور کے بدلاپور تھانہ علاقے کے سروکھن پور میں پیش آیا۔ حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔ زخمیوں کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ مدد کیلئے پہنچے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ بس دہلی کے قرول باغ سے آ رہی تھی اور اس میں سوار عقیدت مند 15 فروری کو دہلی سے روانہ ہوئے تھے جنہیں 21 فروری کو واپس جانا تھا۔ وہ سب مہاکمبھ میں اشنان کیلئے جا رہے تھے لیکن راستے میں خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے۔بس میں سوار مسافروں نے بتایا کہ حادثے کے وقت وہ سو رہے تھے کہ اچانک ایک زوردار جھٹکا لگا اور وہ آگے کی طرف گر پڑے۔ بس میں تقریباً 54 مسافر سوار تھے جبکہ ڈرائیور کے ساتھ 3 سے 4 دیگر افراد بھی تھے۔ حادثے میں بس ڈرائیور کی بہن بھی جان کی بازی ہار گئی۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ دنیش چند دیگر اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ ہاسپٹل پہنچے اور زخمیوں سے ملاقات کی۔ ڈی ایم نے کہا کہ جیسے ہی اطلاع ملی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ تمام زخمیوں کا مکمل علاج کرایا جا رہا ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ مہا کبھ کے دوران حالیہ عرصہ میں آگ لگنے ‘ بھگدڑ مچنے اور کئی سڑک حادثات پیش آئے ہیں جن میں کئی یاتریوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔