مہاکمبھ کی تیاریاں ‘ وزیر اعظم آج کئی پراجیکٹس کا آغاز کرینگے

   

الٰہ آباد(پریاگ راج) وزیر اعظم مودی کل 13 دسمبر پریاگ راج کے 3 گھنٹے کے دورہ پر جائیں گے۔ مودی کل کمبھ نگر میں سڑک اور راہداری کے کئی پروجیکٹوں کا آغاز کریں گے۔ پریاگ راج میں 26 دسمبر سے مہاکمبھ شروع ہو رہا ہے۔ مہا کمبھ کیلئے ریاستی اور مرکزی حکومت نے کئی پراجیکٹ شروع کیے ہیں تاکہ بھکتوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ کمبھ کے دوران ہر طرح کی سہولیات حاصل کر سکیں۔ وزیراعظم مودی پریاگ راج میں 7000 کروڑ روپے کے پراجیکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ مودی 13 دسمبر کو صبح تقریباً 11 بجے پریاگ راج پہنچیں گے۔ اس کے بعد وہ اریل گھاٹ سے کیلا گھاٹ تک ایک ہائبرڈ الیکٹرک کیٹاماران میں سفر کریں گے جسے نشادراج کا نام دیا گیا ۔ اس کا افتتاح اس سال وارانسی میں ہوا تھا۔ مودی جن منصوبوں کا افتتاح کریں گے ان میں سے زیادہ تر سڑک اور راہداری منصوبے ہیں۔ شرنگاور پور دھام سمیت اہم مقامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔شرنگور پور دھام کوریڈور کا عملی طور پر افتتاح کیا جائیگا۔ وزیر اعظم مودی کچھ دیگر پراجیکٹس کا بھی افتتاح کرینگے۔ ان میں ریلوے، ہوائی اڈہ، آبپاشی، سڑکوں کی ترقی اور گھاٹوں کی خوبصورتی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کمبھ سہائک چیٹ بوٹ بھی لانچ کریں گے۔وزیراعظم سڑکوں کے کئی بڑے منصوبے بھی شروع کریں گے۔ ان میں 135 کروڑ کی لاگت سے شرنگور پور دھام کوریڈور بھی شامل ہے۔