مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل میں نیا بلاک افتتاح کیلئے تیار

   

حیدرآباد ۔ 3 مارچ (سیاست نیوز) مہدی نواز جنگ (ایم این جے) کینسر ہاسپٹل میں 300 بستر کا نیا ہاسپٹل بلاک افتتاح کیلئے تیار ہے جس کا افتتاح آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔ اس سے ضرورتمند مریضوں کو اسپشالیٹی علاج میں اضافہ ہوگا۔ اس کے تعمیری، انٹریئرس اور ایکوپمنٹ کے حصول کے کام مکمل ہوگئے ہیں اور اس نئے بلاک کا افتتاح توقع ہیکہ 13 مارچ کو ہونے والے ایم ایل سی انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ 300 بستروں کے اس نئے کینسر بلاک کی تعمیر تقریباً 40 کروڑ روپئے مصارف سے کی گئی ہے۔ اس سے اس ہاسپٹل میں بستروں کی تعداد میں اضافہ ہوکر 700 ہوجائے گی۔ اضافی بیڈس سے مریضوں کے ہجوم سے نمٹنے میں مدد ہوگی۔ قابل گنجائش خرچ پر کینسر کے اسپیشالٹی علاج کیلئے بڑی تعداد میں مریض اس دواخانہ سے رجوع ہوتے ہیں۔ اس نئے بلاک کے پوری طرح کارکرد ہوجانے پر مریضوں کی تعداد میں ہونے والے متوقع اضافہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے عصری میڈیکل ایکوپمنٹ کے حصول اور ماڈیولر آپریشن تھیٹرس قائم کرتے ہوئے میڈیکل انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور ریاستی حکومت نے بھی مستقبل میں توسیع کیلئے ہاسپٹل کے قریب 2 تا 3 ایکر اراضی الارٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائرکٹر ایم این جے کینسر ہاسپٹل ڈاکٹر جیہ لتا نے کہا کہ دو اضافی 300 بستروں کے ساتھ نیا بلاک افتتاح کیلئے تیار ہے۔ اس کے چھوٹے کام باقی ہیں جو ایک ہفتہ میں مکمل ہوں گے۔ اس بلاک سے کینسر کے غریب مریضوں کو راحت حاصل ہوگی ورنہ جنہیں علاج کیلئے خانگی دواخانوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے‘‘۔