مہلوک فاریسٹ رینج آفیسر کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات

   

وزراء ، ارکان اسمبلی اور اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت، حملہ میں ملوث افراد پولیس کی تحویل میں
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) قبائیلی طبقات کے حملہ میں ہلاک ہونے والے فاریسٹ رینج آفیسر سی ایچ سرینواس راؤ کی آخری رسومات آج مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ ضلع کھمم کے ایرلہ پوڈی گاؤں میں انجام پائیں۔ رگھوناتھ پالم منڈل میں مہلوک فاریسٹ رینج آفیسر کی ارتھی کے جلوس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے اور اس واقعہ کی مذمت کی۔ فاریسٹ رینج آفیسر پر گوتی کویا قبائیل سے تعلق رکھنے والے افراد نے حملہ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی، وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار، رکن راجیہ سبھا وی ری چندرا، گورنمنٹ وہپ آر کانتا راؤ اور رکن کونسل ٹی مدھوسدن نے آخری رسومات میں بطور خاص شرکت کی۔ عوامی نمائندوں کے علاوہ جنگلات اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ ریاستی وزراء نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں پر حملوں کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ فاریسٹ رینج آفیسر پر حملہ کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو حکومت خاموش نہیں رہے گی۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی راملو نائیک، ایم ناگیشور راؤ، چیف منسٹر کی سکریٹری سمیتا سبھروال، ہریتا ہرم کے او ایس ڈی پرینکا ورگھیز، اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ جنگلات شانتی کماری، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ آر ایل دوبریال، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ لوکیش جیسوال، کلکٹر کھمم وی پی گوتم اور ایس پی کتہ گوڑم ڈاکٹر ونیت اس موقع پر موجود تھے۔ اسی دوران پولیس نے بعض افراد کو حراست میں لے کر حملہ میں استعمال کردہ چاقو اور لاٹھیوں کو ضبط کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مہلوک عہدیدار کے پسماندگان کیلئے 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور خاندان کے کسی فرد کو ملازمت کا اعلان کیا۔ر