مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف کانگریس کی ہلہ بول ریالی

,

   

بی جے پی اور آر ایس ایس پر ملک میں نفرت اور خوف پھیلانے کا الزام ‘راہول گاندھی او ر دیگر کا خطاب
دہلی کے رام لیلا میدان پر
حکومت کیخلاف اعلان جنگ

نئی دہلی : کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج رام لیلا میدان نئی دہلی میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف پارٹی کی ہلہ بول ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔راہول گاندھی نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دوران ہم نے 27 کروڑ لوگوں کو غریبی سے باہر نکالا تھا۔ کھانے کا حق، منریگا، قرض معافی جیسی اسکیموں کے ذریعے ایسا عوام کی بھلائی کا کام کیا تھا۔ لیکن اب مودی حکومت نے واپس 23 کروڑ لوگوں کو غریبی میں دھکیل یا ہے۔ جو کام ہم نے 10 سالوں میں کیا تھا، انہوں نے 8 سال میں ختم کر دیا۔راہول گاندھی نے زرعی قوانین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تینوں قوانین کو صنعت کاروں کے لیے لایا گیا تھا۔ کسانوں کی طاقت نے ان قوانین کو واپس لینے پر مجبور کیا۔ جی ایس ٹی نے چھوٹے تاجروں کو ختم کر دیا اور سب سے زیادہ روزگار انہیں سے پیدا ہوتا ہے۔ آپ پوچھتے ہیں کہ کانگریس نے کیا کیا؟ میں بتاتا ہوں کہ کانگریس نے 70 سال میں ایسی مہنگائی کبھی نہیں دکھائی۔ راہول نے کہا کہ اس حکومت کے دوران صرف دو صنعت کاروں کو فائدہ ہوا ہے۔ آپ کے خوف اور نفرت کا فائدہ انہیں کے ہاتھوں میں جا رہا ہے۔ گزشتہ 8 سالوں میں اور کسی کا فائدہ نہیں ہوا۔ میڈیا ملک کے لوگوں کو خوفزدہ کرتی ہے۔ تیل، ایئرپورٹ، موبائل کا پورا شعبہ ان ہی دونوں صنعت کاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ جب سے بی جے پی کی حکومت آئی ہے ملک میں نفرت اور اشتعال بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کو ڈر ہوتا ہے، اس کے اندر نفرت پیدا ہوتی ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری اور مستقبل کا خوف بڑھتا جا رہا ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے رہنما ملک کو تقسیم کرتے ہیں اور جان بوجھ کر خوف پیدا کرتے ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ مرکزی حکومت کسی مسئلہ پر بات کرنے کو تیار نہیں ہے، کوئی جواب دینے کو تیار نہیں۔ یہ گونگوں، بہروں اور اندھوں کی حکومت ہے۔ بھوپیش بھگیل نے الزام لگایا کہ حکمراں جماعت راہول گاندھی کو روکنے کی لڑائی لڑتے ہیں۔ مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ راہول گاندھی مسلسل کسانوں، غریبوں اور مزدوروں کی بات کرتے ہیں۔ اقتدار پر قابض لوگ مہنگائی کو روکنے کے لیے کام نہیں کرتے، بلکہ راہول گاندھی کو روکنے کے لیے لڑتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم غریبوں کو مفت راشن دیتے ہیں تو اسے مرکز کے اقتدار پر قابض لوگ ریوڑی قرار دیتے ہیں لیکن وہ بڑے صنعت کاروں کا قرض معاف کر کے ربڑی فراہم کر رہے ہیں۔ ہم محنت کی عزت کرتے ہیں اور یہ لوگ محنت کی بے عزتی کرتے ہیں۔ مہنگائی بڑھ رہی ہے اور کانگریس اس کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔اس موقع پرکانگریس کارکنوں کی پولیس سے بحث و تکرار ہوگئی۔ متعدد کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ مظاہرین بنگ بھون سے اکبر روڈ پر اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر کی طرف جا رہے تھے۔راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے کہاکہ راجہ کو عوام کی تکلف سننی پڑے گی ۔کانگریس قائدین نے کہا کہ 7ستمبر سے شروع ہونے والی بھارت چھووڑ تحریک کا دوسرا مرحلہ بھارت جوڑو مہم ہوگی۔