مہنگائی : مودی حکومت کیخلاف راجستھان کانگریس کا مظاہرہ

   

جے پور :راجستھان میں کانگریس نے بڑھتی مہنگائی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف آج دارالحکومت جے پور سمیت تمام اضلاع میں مرکز کی مودی حکومت کے خلاف پٹرول پمپوں کے سامنے دھرنا مظاہرہ کیا۔ پوری ریاست میں صبح 10 سے دوپہر 12 بجے تک یہ مظاہرہ کیا گیا۔ جے پور میں سول لائنس اجمیر روڈ پر پٹرول پمپ والے ہنومان جی کے پاس کانگریس نے مظاہرہ کیا۔ اس میں کانگریس کے صدر گووند ڈوٹاسرا، وزیر صحت ڈاکٹر رگھو شرما، توانائی کے وزیر بی ڈی کلّا، وزیر ٹرانسپورٹ (نقل و حمل) پرتاپ سنگھ کھاچریاواس، اعلیٰ تعلیم کے وزیر بھنور سنگھ بھاٹی سمیت کئی کانگریس کے کارکنان نے حصہ لیا۔ جے پور میں ہی ٹونک روڈ پر واقع ایک پٹرول پمپ کے سامنے کیے گئے مظاہرے میں سابق نائب وزیراعلیٰ سچن پائلٹ اور دیگر کانگریس قائدین نے حصہ لیا۔اس موقع پر مسٹر ڈوٹاسرا نے کہا کہ مودی حکومت مہنگائی اور کورونا کا قہر روکنے میں ناکام رہی ہے ۔ مہنگائی کے سبب ہر شخص کا بجٹ بگڑ گیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی من کی بات کرتے ہیں کام کی بات نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف ایک دن میں لڑائی نہیں لڑی جا سکتی اور اب گاؤں گاؤں اور گلی گلی میں جاکر مودی حکومت کو بے نقاب کرنے کا کام کیا جائے گا۔سابق نائب وزیراعلیٰ مسٹر پائلٹ نے کہا کہ کورونا وبا کے کساد بازاری ہوئی اور بے روزگار اور مزدوروں سمیت لوگوں کو اس سے پریشانی ہوئی ہے ۔ کئی ملکوں میں عوام کا خیال رکھنے کا اقدام کیا گیا لیکن بدقستی ہے کہ مرکزی حکومت نے اس بارے میں کوئی قدم نہیں اٹھایا۔مسٹر کھاچریاواس نے کہا کہ آج ملک میں پٹرول 100 روپیے کا ہو گیا۔ گیس کی قیمت اتنی ہے کہ عوام نے چولہا جلانا شروع کر دیا۔ منموہن سنگھ جب وزیراعظم تھے تو بی جے پی نے پٹرول کے خلاف ماحول بنایا تھا لیکن آج کروڈ آئیل سستا ہے تو پٹرول مہنگا ہے ، مودی حکومت کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے ۔