مہنگائی کا غذاؤں پر بھی اثر

   

ویجیٹیرین تھالی کی قیمت میں 11 فیصد اور نان ویجیٹیرین کی غذاؤں میں 6 فیصد اضافہ
حیدرآباد۔7۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) ملک میں مہنگائی کا اثر اب غذائوں پر بھی ہونے لگا ہے کیونکہ کریسل مارکٹ انٹلیجنس اینڈ انلائزیس کی جانب سے منظر عام پر لائی گئی رپورٹ کے مطابق ملک میں ترکاری کی سبزی خور (ویجیٹیرین) تھالی کی قیمت میں اندرون ایک ماہ 11 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گوشت خور (نان ویج) غذاؤں کی قیمتوں میں 6 فیصد کا اضافہ اس مدت کے دوران درج کیا گیا ہے۔ اس تحقیقی ادارہ کی رپورٹ کے مطابق جون 2024میں جو سبزی خور تھالی 29روپئے 40 پیسے کی تھی وہی تھالی ماہ جولائی کے دوران 32روپئے 60 پیسے میں فروخت کی جا رہی ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ تمام تھالیوں کی مجموعی قیمتوں کا جائزہ لینے کے بعد اس قیمت کا تعین کیا گیا ہے جس میں پیاز‘ ٹماٹر ‘ آلو ‘ روٹی‘ چاول ‘ دال ‘ دہی اور سلاد کا استعمال کرتے ہوئے تیار کی جاتی ہے۔ادارہ کی جانب سے جاری کی جانے والی ہر ماہ کی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ملک میں ٹماٹر کی قیمتوں میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں سبزی خور تھالی کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران 11فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔جون 2024میں گوشت خور اشیائے تغذیہ کی قیمتوں کا مشاہدہ کیا جائے تو ان میں 6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے اور اس کے متعلق درج کی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ روٹی اور چاول کی قیمت میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں گوشت خور اشیائے تغذیہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔3