حیدرآباد۔/11 ستمبر، ( سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل بی مہیش کمار گوڑ 15 ستمبر کو 2 بجے دن پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدہ کا جائزہ لیں گے۔ ان کے چیمبر کی تزئین نو کی گئی اور واستو کے مطابق اسے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء اور پارٹی کے عوامی نمائندے اور سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی بھی اس موقع پرموجود رہیں گی۔ 7 جولائی کو ریونت ریڈی کی پردیش کانگریس صدر کی حیثیت سے میعاد ختم ہوگئی تھی۔ ہائی کمان نے طویل مشاورت کے بعد بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار گوڑ کو صدارت کی ذمہ داری دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے بی سی طبقات کی تائید حاصل کرنے کیلئے پارٹی کی صدارت بی سی طبقہ کے قائد کے سپرد کی ہے۔1