پرچہ نامزدگی کا آج ادخال، بلامقابلہ انتخاب کی امید، لمحہ آخر میں ادنکی دیاکر کا نام تبدیل
حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کی دو ایم ایل سی نشستوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ ارکان اسمبلی زمرہ کی 2 نشستوں کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور کانگریس کی طلباء تنظیم این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ کو امیدوار کے طور پر اعلان کیا گیا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینو گوپال کی دستخط سے نام جاری کئے گئے۔ واضح رہے کہ دونوں نشستوں کیلئے پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ کل 18 جنوری ہے۔ امیدواروں کے انتخاب کے معاملہ میں گذشتہ دو دن سے دہلی کی سطح پر غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی گئیں اور لمحہ آخر میں ادنکی دیاکر کی جگہ مہیش کمار گوڑ کے نام کو شامل کیا گیا۔ دو نشستوں کیلئے تین نام زیر غور تھے اور کل کانگریس کے ذرائع سے دیاکر اور وینکٹ کے نام سوشیل میڈیا میں وائرل ہوگئے جس کے بعد کانگریس کے سینئر قائدین اورکئی وزراء نے اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہائی کمان سے مہیش کمار گوڑ کو امیدوار بنانے پر زور دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی مہیش کمار گوڑ کے نام کی سفارش کی حالانکہ ادنکی دیاکر بھی ان کے بااعتماد رفیق ہیں۔ مہیش کمار گوڑ کو اسمبلی چناؤ میں نظام آباد اربن حلقہ کے ٹکٹ سے محروم کرتے ہوئے کونسل کی رکنیت کا تیقن دیا گیا تھا۔ مہیش کمار گوڑ نے پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے طور پر قائدین کے درمیان بہتر تال میل میں اہم رول ادا کیا اور ریونت ریڈی کے مخالف قائدین کو منانے میں ان کا اہم رول ہے۔ ادنکی دیاکر اور بی وینکٹ کے نام منظر عام پر آتے ہی مہیش کمار گوڑ مایوس ہوگئے تھے۔ ریاستی وزراء اور سینئر قائدین کی مداخلت کے بعد لمحہ آخر میں دیاکر کی جگہ مہیش کمار گوڑ کا نام شامل کیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ موجودہ دونوں امیدواروں نے سیاسی کیریئر کا آغاز طلباء تنظیم این ایس یو آئی سے کیا۔ بی وینکٹ این ایس یو آئی کے موجودہ صدر ہیں جبکہ مہیش کمار گوڑ سابق میں این ایس یو آئی کے ریاستی صدر رہ چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کونسل کی دونوں نشستوں کیلئے علحدہ الیکشن کا اعلان کیا ہے جس کے نتیجہ میں دونوں نشستوں پر کانگریس امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔ اگر بی آر ایس مقابلہ نہ کرے تو کل پرچہ نامزدگی کے ادخال کے آخری دن دونوں امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائیں گے۔ واضح رہے کہ ادنکی دیاکر کو بھی الیکشن میں ٹکٹ سے محروم کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور ہائی کمان نے دیاکر کو کسی اور عہدہ کا تیقن دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس ہائی کمان گورنر کوٹہ کی دو ایم ایل سی نشستوں کیلئے امیدواروں کے نام کا جلد ہی اعلان کرے گا۔1