تلنگانہ میں پارٹی کے چوتھے صدر، بی سی طبقہ کو نمائندگی، پارٹی کیلئے طویل خدمات کا اعتراف
حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل مہیش کمار گوڑ نے آج تلنگانہ پردیش کانگریس کے نئے صدر کی ذمہ داری سنبھال لی۔ گاندھی بھون میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، وزراء، ارکان پارلیمنٹ اسمبلی وکونسل، ضلعی صدور و ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکنوں کے درمیان مہیش کمار گوڑ نے پردیش کانگریس کے چوتھے صدر کے طور پر جائزہ حاصل کرلیا۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد مہیش کمار گوڑ کانگریس کے چوتھے صدر ہیں۔ سینئر قائد پونالہ لکشمیا پہلے صدر تھے جن کے بعد اتم کمار ریڈی دو میعادوں تک پردیش کانگریس صدر رہے۔ ریونت ریڈی کو27 جون 2021 کو پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا اور 7 جولائی 2023 کو ان کی میعاد مکمل ہوگئی۔ مہیش کمار گوڑ کا تعلق نظام آباد سے ہے اور وہ بی سی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ تلنگانہ میں یہ بی سی طبقہ کے دوسرے صدر ہیں۔ مہیش کمار گوڑ بی سی طبقہ میں گوڑ سماج سے تعلق رکھتے ہیں اور کانگریس نے تلنگانہ میں بی سی طبقات کی تائید حاصل کرنے انہیں صدارت کی ذمہ داری دی ہے۔ وہ 2001 سے پردیش کانگریس ورکنگ صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ گریجویشن میں بی کام کی ڈگری رکھنے والے مہیش کمار گوڑ کو حال ہی میں قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کیا گیا۔ متحدہ آندھرا پردیش میں 1986 تا 1990 وہ نظام آباد این ایس یو آئی صدر رہے۔ 1990 سے 1998 تک متحدہ آندھرا پردیش میں کانگریس کی طلباء تنظیم این ایس یو آئی کے ریاستی صدر کے طور پر خدمات انجام دی۔ 1998 تا 2000 وہ یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری رہے۔ 2000-03 تک وہ پردیش کانگریس سکریٹری رہے۔ 2012-16 میں وہ پردیش کانگریس کے ترجمان تھے۔ 2014 اسمبلی انتخابات میں نظام آباد ( اربن ) اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کیا لیکن کامیابی نہیں ملی ۔ 2016-21 میں وہ پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری رہے۔ ورکنگ صدر عہدہ پر نمایاں خدمات کو دیکھتے ہوئے ریونت ریڈی نے مہیش کمار گوڑ کے نام کی صدارت کیلئے سفارش کی۔1