مہیش کمار گوڑ کا پلٹ وار ۔ ہائیکورٹ کا فیصلہ بی آر ایس کے منہ پر طمانچہ

   

خیرت آباد ضمنی انتخاب کیلئے کانگریس پوری طرح تیار

حیدرآباد ۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے خیرت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کی نااہلی سے متعلق کیس میں تلنگانہ ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن کے تمام الزامات کو مسترد کردیا اور تبصرہ کیا کہ یہ فیصلہ کانگریس حکومت کے منہ پر طمانچہ ہرگز نہیں ہے بلکہ انحراف کے سیاست کی بنیاد رکھنے والی اپوزیشن بی آر ایس کیلئے ایک زوردار قانونی و سیاسی طمانچہ ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دوراقتدار میں کوئی بھی انحراف نہیں ہوا ہے۔ مختلف اراکین اسمبلی محض اس لئے حکومت کی حمایت کررہے ہیں کیونکہ وہ کانگریس پارٹی کی عوامی طرز حکمرانی اور ریاست بھر میں جاری فلاحی و ترقیاتی پروگرامس سے متاثر ہیں۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی انحراف کے کلچر اور روایت کی شروعات خود بی آر ایس نے کی تھی۔ سبھی جانتے ہیں کہ ماضی میں کانگریس کے ٹکٹ پر جیتنے والے ارکان اسمبلی کو کس طرح بی آر ایس میں ضم کیا گیا۔ ایسی بے قاعدگیوں کے مرتکب بی آر ایس کے قائدین اب اخلاقیات کا درس دے رے ہیں جو انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اعتماد کا اظہار کیا ہیکہ اگر اسمبلی حلقہ خیرت آباد کا ضمنی انتخاب منعقد ہوتا ہے تو کانگریس پارٹی اس کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ڈی ناگیندر دوبارہ اسمبلی حلقہ خیرت آباد سے انتخاب لڑیں گے یا نہیں اس کا قطعی فیصلہ کانگریس پارٹی ہائی کمان تمام پہلوؤں کی جانچ کے بعد کرے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ کانگریس حکومت نے ہمیشہ دستوری حدود اور عوامی فلاح کو اپنا مقصد بنا کر کام کیا ہے۔ اگر ضمنی انتخاب منعقد ہوا تو عوام ایک بار پھر کانگریس کے حق میں ہی فیصلہ سنائیں گے۔H/M/2