مہیش کمار گوڑ کی آج نئی دہلی روانگی

   

ریاستی وزیر دامودھر راج نرسمہا اور دیگر قائدین نے مبارکباد پیش
حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کل 11 ستمبر کو نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ پردیش کانگریس صدر مقرر کئے جانے کے بعد مہیش کمار گوڑ پہلی مرتبہ نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں تاکہ ہائی کمان سے ملاقات کرکے اظہار تشکر کرسکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، سابق صدر سونیا گاندھی، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال کے علاوہ دیگر قائدین سے ملاقات کریں گے۔ گاندھی بھون میں باقاعدہ جائزہ حاصل کرنے سے قبل ہائی کمان سے گائیڈ لائنس حاصل کرنے مہیش کمار گوڑ کا یہ دورہ اہم ہے۔ اسی دوران کانگریس کے سینئر قائدین کی جانب سے مہیش کمار گوڑ کو مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے آج وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ وزیر صحت نے مبارکباد و تہنیت پیش کی۔ گورنمنٹ وہپ اے سرینواس اور سابق رکن اسمبلی کے سری سیلم گوڑ موجود تھے۔ وزیر صحت نے امید ظاہر کی کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں پارٹی بہتر مظاہرہ کرے گی۔ اسی دوران رکن کونسل جیون ریڈی، صدر وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین نے مہیش کمار گوڑ کو مبارکباد پیش کی۔ مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی کے علاوہ رکن پارلیمنٹ بلرام نائیک سے ملاقات کی۔1