میئر ممدانی نے ایگزیکٹو آرڈرجاری کردیئے

,

   

نیویارک2 جنوری (یو این آئی) میئر نیویارک ظہران ممدانی نے حلف اٹھاتے ہی ایگزیکٹو آرڈرجاری کردیئے ۔ انہوں نے سابق میئر ایرک ایڈمز کے تمام ایگزیکٹو آرڈر منسوخ کردیئے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز سینیٹر برنی سینڈرز نے ظہران ممدانی سے میئر نیویارک کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ ظہران ممدانی کا حلف برداری کے موقع پر کہنا تھا کہ نیویارک کے شہریوں کے ساتھ ہر مشکل میں کھڑا رہوں گا، ان کے حقوق کے لئے لڑوں گا۔ گزشتہ روز ظہران ممدانی کی حلف برداری میں سخت سردی کے باوجود ہزاروں افراد شریک ہوئے تھے۔ حلف برداری کی تقریب پرانے سٹی ہال کے بند سب وے اسٹیشن میں ہوئی اور سال نو کا آغاز ہوتے ہی ممدانی نے حلف اُٹھایا۔ امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار کسی عوامی نمائندے نے قرآن پاک پر حلف اُٹھایا تھا۔ حلف برداری کی تقریب میں اہم شخصیات سمیت کمیونٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔ ممدانی نے حلف اٹھانے کے لئے قرآن پاک کے قدیم نسخے سمیت دو قرآنی سیٹ کا انتخاب کیا، ایک18 ویں صدی کے آخر یا 19 ویں صدی کے اوائل کا ہے جب کہ دوسرا قرآن پاک پاکٹ سائز اور ان کے دادا اور دادی کے زیر استعمال بھی رہا ہے ۔ واضح رہے کہ ممدانی نیویارک جیسے تقریباً80 لاکھ آبادی والے شہر کی قیادت کرنے والے پہلے مسلمان اور پہلے جنوبی ایشیائی شخص ہیں۔