میئر نظام آباد کے شوہر پر حملہ آور شخص گرفتار و ریمانڈ

   

نظام آباد۔20 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اے سی پی نظام آباد راجہ وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ مئیر نظام آباد کے شوہر شیکھر پر کئے گئے قاتلانہ حملے کے حملہ آور شیخ رسول کو گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر دے دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ناگارام کے 80 کوارٹرس کے علاقے میں سال 2005 ء کانگریس کے دور حکومت میں 75 مربع گز کے2 پلاٹ دئیے گئے تھے۔ ایک پلاٹ پر مکان تعمیر کی تھی دوسری پلاٹ پر گوپال تروپتی نامی افراد قبضہ کئے ہوئے تھے اور مئیر کے شوہر شیکھر کی تائید ان دونوں کو حاصل تھی ، کئی مرتبہ اس معاملے میں بات چیت کی گئی لیکن گوپال اور تروپتی پلاٹ سے قبضہ برخاست کرنے کے لئے تیار نہیں تھے اور دو لاکھ روپئے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ اس خصوص میں پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی کی گئی تھی سال 2001 میں تروپتی اور دوسروں پر ناگارام میں واقعVٹاؤن پولیس میں شکایت کرنے پر مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا لیکن یہ مسئلہ اس کے باوجود بھی حل نہیں ہوا تھا ۔ اے سی پی سے اس بارے میں دریافت کرنے پر بتایا کہ یہ اراضی ریونیو کی ہے جس کی وجہ سے کوئی کاروائی نہیں کی گئی تھی لیکن شیخ رسول اپنے پلاٹ کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہا تھا کہ اُس کی والدہ نے اس پر جھونپڑی بنا کر دی تھی لیکن اسے بھی براخاست کر دیا گیا تھا ۔18 ؍نومبر کے روز شام گوپال ترپتی کو مارنے کی غرض سے اس علاقے میں گھوم رہا تھا کہ مئیر کے شوہر شیکھر میونسپل عہدیداروں کے ساتھ یہاں پر سڑک کے کاموں کا معائنہ کر رہے تھے۔ جس پر رسول نے پلاٹ کے بارے میں بات چیت کی اور اچانک اُن پر جان لیوا حملہ کر دیا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل کر دی۔ جس کے بعد پولیس فوری حرکت میں آتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا اور ریمانڈ پر دے دیا ۔ اے سی پی نے بتایا کہ پلاٹ کے معاملے میں جان لیوا حملہ کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہے کیونکہ رسول نے اپنی ویڈیو میں کانگریس پارٹی کا ذکر کیا تھا جس کی وجہ سے پولیس اسے دوبارہ تحویل میں لینے کے لیے عدالت سے رجوع ہونے کا ارادہ ظاہر کیا تاکہ اس واقعے میں کون ملوث ہے اس کا پتہ چلایا جاسکے ۔