میانمار میں 800 سے زائد قیدیوں کی رہائی کا اعلان

   

یانگون ۔ میانمار کی فوجی حکومت نے ہفتہ کے روز ملک کی مختلف جیلوں میں قید 800 سے زائد افراد کو عام معافی دے کر رہا کرنے کا اعلان کیا۔ یہ اعلان ملک کے یونین ڈے کے موقع پر ملکی دارالحکومت میں فوجی پریڈ کے دوران کیا گیا۔ گزشتہ برس فروری میں میانمار کی فوج نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اور اس کے بعد جمہوریت پسندوں کے خلاف زبردست کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا تھا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے 75 ویں یونین ڈے کے موقع پر میانمار کی جنتا کے سربراہ جنرل مِن آؤنگ ہلینگ نے معافی کے احکامات جاری کیے، جس کے تحت 814 قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا گیا۔ گذشتہ برس بھی یونین ڈے کے موقع پر اتنے ہی قیدی رہا کیے گئے تھے۔