میانمار نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی: عالمی عدالت

   

دی ہیگ، 20 نومبر (ایجنسیز) اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین عدالتی ادارہ انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) نے ایک تاریخی فیصلے میں قرار دیا ہے کہ میانمار نے 2017ء میں روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف منظم نسل کشی کی تھی۔ عدالت نے واضح کیا کہ میانمار کی فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں نے شمالی ریاست راکھین میں روہنگیا مسلمانوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا اور ان کی آبادی کے بڑے حصے کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے کسی ملک کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہے۔ عدالت کا یہ فیصلہ مغربی افریقی ملک گیمبیا کی جانب سے میانمار کے خلاف دائر کردہ مقدمہ میں سامنے آیا ہے۔ 15 رکنی بنچ نے 9-6 ووٹوں سے فیصلہ سناتے ہوئے میانمار کو نسل کشی کی روک تھام اور اس کے ذمہ داروں کو سزا دینے سے متعلق بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔ عدالت کے صدر جسٹس یوجی ایواساوا نے فیصلہ پڑھتے ہوئے کہا کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے ہزاروں روہنگیا شہریوں کو ہلاک کیا، خواتین کے ساتھ بڑے پیمانے پر جنسی زیادتیاں اور تشدد کیا، بچوں کو انتہائی سفاکانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور تشدد سے بچنے کیلئے بنگلہ دیش کی طرف فرار ہونے والے افراد پر بھی حملے کیے۔ عدالت نے کہا کہ دستیاب شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ کارروائیاں محض انسدادِ شورش کی مہم یا آبادی کو بے دخل کرنے کی کوشش نہیں تھیں بلکہ ان کے پیچھے روہنگیا برادری کے بڑے حصے کو تباہ کرنے کا مخصوص ارادہ کارفرما تھا۔ عدالت نے 1948ء کے نسل کشی کی روک تھام اور سزا سے متعلق بین الاقوامی کنونشن کے تحت میانمار کی ذمہ داریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس نے نہ صرف نسل کشی کے ارتکاب کو نہیں روکا بلکہ اس میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور سزا دینے میں بھی ناکامی کا مظاہرہ کیا۔ یہ مقدمہ گیمبیا نے نومبر 2019ء میں دائر کیا تھا۔ گیمبیا نے الزام عائد کیا تھا کہ میانمار کی فوج نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ایسی کارروائیاں کیں جو نسل کشی کے بین الاقوامی کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ اگست 2017ء میں میانمار کی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 7 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمانوں کو اپنے گھر بار چھوڑ کر پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں پناہ لینا پڑا۔ عدالت نے میانمار کو حکم دیا ہے کہ وہ نسل کشی کے کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے، اس نوعیت کے جرائم کے اعادہ کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔ عدالت نے متاثرین کیلئے معاوضہ کی ادائیگی اور دیگر اقدامات کا بھی حکم دیا ہے۔میانمار کو دو سال کے اندر عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے اپنے اقدامات اور معاوضے سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔