حیدرآباد: میتوں کی تدفین کے معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے جبراً وصولی کی کوشش کرنے والے ایک روڈی شیٹر کو سعید آباد پولیس نے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ انسپکٹر سعید آباد کے سرینواس کے مطابق درگاہ حضرت اجالہ شاہؒ سعید آباد کے متولی ایم اے کاشف پاشاہ قادری نے ایک تحریری شکایت درج کراتے ہوئے وہاں کے مقامی روڈی شیٹر محمد نصیر الدین عرف چاقو نصیر پر الزام عائد کرتے ہو ئے کہا کہ وہ قبرستان کے معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے انہیں دھمکا رہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ روڈی شیٹر نے فون پر درگاہ کے متولی سے 10,000 روپئے کا مطالبہ کیا اور جان سے بھی مارنے کی دھمکی دی۔ اس سلسلہ میں پولیس نے روڈی شیٹر نصیر کے خلاف جبراً وصولی اور دھمکانے کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ روڈی شیٹر نصیر درگاہ حضرت اجالے شاہؒ سے متصل قبرستان میں تدفین ہونے والے کورونا مریضوں کے نعشوں کیلئے بھی پیسے وصول کر رہا تھا ۔ اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا گیا ہے اور نامپلی میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ اجلاس پر پیش کر کے جیل منتقل کردیا گیا۔