کراچی :صدیوں سے بطور غذا استعمال ہونے والا میتھی دانہ ناصرف کھانے کا ذائقہ بڑھانے بلکہ مجموعی صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہے، میتھی دانے کو جہاں خواتین کی صحت اور ہارمونز کے متوازن رکھنے کے لیے انتہائی اہم جز قرار دیا جاتا ہے وہیں اس کے استعمال سے دِنوں میں گرتے بالوں کا علاج بھی ممکن ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق موسم سرما کی سبزی میتھی کو سرد اور خشک موسم میں زیادہ استعمال کیا جاتا ہے جبکہ میتھی دانے کا استعمال 12 مہینے کیا جا سکتا ہے، اس کا سفوف بنا کر نیم گرم پانی کے ساتھ ناصرف کھانا مفید ہے بلکہ اس سے بنا قہوہ پینا بھی بے شمار فوائد کے حصول کا ذریعہ ہے۔ماہرین غذائیت کے مطابق میتھی دانہ غذائیت، فائبر اور نیوٹرا سیوٹیکل اجزا سے بھرپور جز ہے، اس کے باقاعدگی سے استعمال کے نتیجے میں کئی موسمی بیماریوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق میتھی دانے میں قدرتی طور پر اینٹی الرجی خصوصیات پائی جاتی ہیں، میتھی دانہ نزلہ، زکام، بے تحاشہ چھینکوں میں خصوصاً ڈسٹ الرجی کے شکار لوگوں اور سائنَس سے متاثرہ افراد کے لیے انتہائی مفید دوا قرار دی جاتی ہے جبکہ اس کا استعمال چہرے اور بالوں پر براہ راست کرنے کے نتیجے میں خوبصورتی میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔بالوں سے جُڑی کئی شکایات کا فوری علاج ایک آسان ترین ماسک کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔میتھی دانے سے بنے ماسک کے لیے میتھی دانے کے 2 سے 3 چمچ رات بھر کیلیے سادہ پانی میں بگھو کر رکھ دیں، صبح اسے گرائینڈ کر کے اپنے بالوں کی جڑوں سے سِروں تک لیپ کر لیں، یہ ہیر ماسک زیادہ سے زیادہ صرف 25 سے 30 منٹ کے لیے لگائیں اور بعد ازاں بال اچھی طرح سے دھو لیں۔اس عمل کو ہفتے میں صرف 1 سے 2 بار ہی دہرائیں، اس ماسک کے استعمال سے روکھے بالوں میں چند ہی دنوں میں جان آ جائے گی اور بال لمبے اور مضبوط ہونے لگیں گے۔