میدک کی ترقی میں ہریش راؤ رکاوٹ

   

کانگریس کو کامیاب کرنے کی اپیل ، انتخابی جلسہ سے ایم ہنمنت راؤ کا خطاب
میدک : 28 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی میدک میں کانگریس امیدوار مائنم پلی روہت کی انتخابی مہم تیزی کے ساتھ چلائی جارہی ہے ۔ میدک کے منڈل نظام پیٹ میں روہت کے انتخابی جلسہ سے مائنم پلی ہنمنت راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میدک کی ترقی کیلئے روہت کو معیاری اکثریت کے ساتھ منتخب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آجائے تو ہریش راؤ کو آبی پراجکٹس کی تعمیرات میں کمیشن حاصل کرنے پر تحقیقات کرواتے ہوئے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈھکیل دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میدک کی ترقی کیلئے ہریش راؤ نحوست ثابت ہوچکے ہیں ۔ تقریباً 12 سے زائد دفاتر بشمول وائیلڈ لائف سنچیوری اور ہیڈ پوسٹ آفس سدی پیٹ کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ مائنم پلی نے کہا کہ ریاست میں دلت بندھو اسکیمات پر عمل آوری میں دھاندلیاں پیش آئی ہے ۔ حقیقی مستحقین افراد کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے ۔ بیروزگاری میں بڑی حد تک اضافہ ہوگیا ہے ۔ تقررات کے نام پر برائے نام امتحانات لئے جاتے ہیں اور ملتوی بھی کردیئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مائنم پلی سوشل سروسیس (MSSO) کی جانب سے اب تک 100 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے فلاحی و امدادی کاموں کی انجام دہی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی عوام کو چاہیئے کہ کانگریس کو اقتدار پر لائیں اور سونیا گاندھی کو ریاست کا تحفہ دیں ۔ کیونکہ سونیا گاندھی نے ہی علحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں لایاہے ۔ اس پروگرام میں نظام پیٹ کانگریس قائدین پی مہیندر ، ماروتی ، نصیر الدین ، اے بالیا ، وٹھل ، ونود ، وجئے کے علاوہ بمبئی طاہر ، احمد علی بیگ ، جیون راؤ ، پون بوجا بھی شریک تھے ۔